Maktaba Wahhabi

170 - 523
اﷲ کی نگہبانی کا احساس: ۸۔ سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ انسان کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ اس کارب ہر دم اس کی نگرانی کر رہا ہے، اس لیے جہاں سے اللہ تعالیٰ نے اس کو منع کیا ہے وہاں وہ نہ پایا جائے اور جس کام کا اس کے رب نے حکم دیا ہے وہاں وہ موجود ہو۔ { اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلَیْکُمْ رَقِیْبًا} [النساء: ۱] ’’بے شک اﷲ ہمیشہ تم پر پورا نگہبان ہے۔‘‘ گرمی کی شدت آخرت کی یاد کا ذریعہ ہے: ۹۔ احباب کرام! چاہیے تو یہ کہ دنیا میں گرمی کی شدت ہمیں آخرت کی یاد دلائے کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کاسانس ہے۔[1] اللہ اپنی پناہ میں رکھے! کیاہم نے کبھی اس بات سے عبرت پکڑی ہے؟ ہم دنیا کے کاموں میں مصروف ہیں، کیاہمیں کبھی اس کی یاد آتی ہے؟ کیا ہم نے اس سے بچنے کا کوئی بندوبست کیا ہے؟ اے اللہ! ہم تیری رحمت کے طالب ہیں۔ ہر جگہ مسلمانوں کو یاد رکھیں: ۱۰۔ ایک مسلمان اپنے اسلام، ایمان اور اسلامی بھائی چارے کے ساتھ مربوط ہے، اسے اپنے بھائیوں کا مکمل احساس ہونا چاہیے، ان کے حالات اور پریشانیوں کو یاد رکھنا چاہیے خصوصاً وہ لوگ جو ظلم، زیادتی اور قتل وغارت کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں، کیا ان کے شعور کا یہی احساس ہے کہ ہم ان کے مسائل بھول جائیں؟ آج وہ نازک اور حساس جذبات کہاں ہیں؟ کیا لوگوں کو اپنے ہم عقیدہ بھائیوں کی کوئی فکر ہے؟ کیا انھیں امت کے مقدس مقامات کا کوئی خیال ہے؟ آج مسجد اقصیٰ کس کرب سے گزر رہی ہے اور فلسطینی مسلمان کس درد کو برداشت کر رہے ہیں جہاں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں اور کسی صیہونی یا یہودی کو کسی کا کوئی ڈر اور خوف نہیں؟ یہی حالت چٹان کی طرح مضبوط چیچنیا اور جہاد کے علمبردار کشمیر کی ہے لیکن لوگوں کی حالت یہ ہے کہ وہ چھٹیاں گزارنے اور سیر و سیاحت کے لیے مختلف مقامات کی طرف رواں دواں ہیں!!
Flag Counter