Maktaba Wahhabi

209 - 523
زبان کی قوت۔۔۔ اس پر یقین: احباب کرام! زبان کی قوت اور دوام کا دارومدار بفضلہ تعالیٰ سب سے پہلے امت کے لسانی شعور، اس کی حفاظت، حمایت، اشاعت کے لیے خصوصی حرص اور اس پختہ یقین پر ہے کہ یہ زبان عصری ضروریات اور ترقی کے تقاضوں کو پورا کرنے کی مکمل قدرت رکھتی ہے۔ یہ ہیں وہ بڑے بڑے اہداف جن کے لیے عظیم قوم اور قابل احترام ملک منصوبہ بندی کرتے ہیں، لہٰذا وہ لسانی تخصص اور ایڈوانس تحقیقات کے مراکز قائم کرتے ہیں، زبان کی تعلیم اور تدریس کے مختلف طریقوں میں جدت طرازی اور غیر ملکی اصطلاحات کا ترجمہ کرنے کے لیے فنی ادارے قائم کرتے ہیں۔ اپنی زبان کا سربلند رکھیں: ہماری زبان کی ناک ہمیشہ بلند رہنی چاہیے، فرزندان امت کے جسموں میں ذاتی قوت مدافعت اپنے دین اور گھر پر فخر کا احساس، غیر ملکی زبانوں کے ساتھ بصیرت آمیز برتاؤ اور ان میں ضم ہوئے بغیر بہترین انداز میں ان سے استفادہ کرنے کی صلاحیت کا ہونا از بس ضروری ہے۔ یہاں ہمیں اس بات کا اعلان اور منصوبہ بندی کا اظہار بھی کر دینا چاہیے کہ جس طرح ہمیں فکری، غذائی اور پانی کے تحفظ کی ضرورت ہے اسی طرح لسانی تحفظ کی بھی ضرورت ہے، یہ ساری چیزیں زندگی اور خوشحال بسر و اوقات کی ضروریات میں سے ہیں۔ یہی راستہ ہے جس پر چلنا ہے، اور اﷲ ہی سیدھا راستہ دکھانے والا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: { وَکَفٰی بِرَبِّکَ ھَادِیًا وَّنَصِیْرًا} [الفرقان: ۳۱] ’’اور تیرا رب راہ دکھانے والا اور مدد کرنے والا کافی ہے۔‘‘
Flag Counter