Maktaba Wahhabi

417 - 523
موقع غنیمت سے فائدہ اٹھائیں: اے اہلِ ایمان! ان فضیلت اور برکت والے اوقات اور موسموں میں اﷲ تبارک وتعالیٰ نے جو نیکی کے مواقع پیدا کیے ہیں انھیں غنیمت جانو اور ان سے فائدہ اٹھاؤ۔ کیونکہ ان میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور غلطیوں پر عفو کا قلم پھیر دیا جاتا ہے۔ ان میں وہ اعمال کرو جو تمھیں اﷲ تعالیٰ کے قرب اور خوشنودی کے قریب کر دیں، خصوصاً اس حرم پاک کی فضاؤں تلے جسے اﷲ تعالیٰ نے شرف و عظمت سے نوازا ہے، اس میں عبادت کرنے کی بہت زیادہ فضیلت رکھی ہے۔ دیگر مقامات کی نسبت یہاں ایک نماز ادا کرنے کا ثواب ایک لاکھ نماز کے برابر ہے[1] اور ہر نیک عمل کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ شرفِ مکان کے ساتھ شرفِ زمان: اے اہل ایمان! یہاں آپ کے لیے دو فضیلتیں اکٹھی ہوچکی ہیں، ایک جگہ کی فضیلت اور دوسرا وقت کا شرف۔ اور یہ دونوں ہی عظیم الشان فضیلتیں اور جلیل القدر خوبیاں ہیں، جو اﷲ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے تمھاری قسمت میں کی ہیں۔ لہٰذا دینی بصیرت اور توفیق الٰہی کا تقاضا ہے کہ ایک مسلمان ان ربانی فضائل اور الٰہی عنایات کو غنیمت سمجھے اور ان میں نیک اعمال، نیکیوں کی رغبت، نماز و روزے پر پابندی، صدقہ و خیرات، حسن سلوک، فقیروں یتیموں پر دست شفقت رکھ کر، اور طواف و استغفار میں کثرت کے ساتھ مشغول رہ کر کچھ سامان آخرت تیار کرے اور دن و رات کی گھڑیوں میں اپنی زبان کو ذکر الٰہی سے تر رکھے، کیونکہ ذکر الٰہی سے تزکیہ نفس، شرح صدر اور اطمینان قلب حاصل ہوتا ہے، جس طرح اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: { اَلَا بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ} [الرعد: ۲۸] ’’سن لو! اﷲ کی یاد ہی سے دل اطمینان پاتے ہیں۔‘‘ اور ذکر کی اﷲ تعالیٰ کے ہاں اعلیٰ اور عظیم ترین قسم قرآن کریم کی تلاوت ہے۔ فرمایا: { لاَّ یَاْتِیْہِ الْبَاطِلُ مِنْم بَیْنِ یَدَیْہِ وَلاَ مِنْ خَلْفِہٖ تَنْزِیْلٌ مِّنْ حَکِیْمٍ حَمِیْدٍ} [حم السجدۃ: ۴۲]
Flag Counter