Maktaba Wahhabi

467 - 523
دنیا کو عمل پرور دین کی ضرورت ہے: اے برادران ایمان! عدل و انصاف کی حکمرانی، حق کی سربلندی اور باطل کی نگوں ساری کے لیے سنجیدہ اور سچا جائزہ لینے اور احتساب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دنیا ایک ایسی رحمدل سیاست سازی کی ضرورت محسوس کرتی ہے جو اس پر اخلاق، انصاف، عدل، دین اور کرم کی ابر باری کرے۔ اسے ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو دلوں پر تباہی کے پتھر برسانے اور اﷲ کی زمین پر بربادی کے بیج بونے والے اس خبیث بائیولوجیکل اسلحے کو کالعدم قرار دے۔ ایسی سیاست کی ضرورت ہے جو انسانی حقوق میں انصاف، آزادی، تکریم، شفقت اور اطمینان کی یقین دہانی کروائے، دنیا ایسی سیاست کی پیاسی ہے جو اقتصادی، فکری اور ثقافتی ہر طرح کے سامراج اور تسلط کو ختم کر دے۔ لوگ ایک ایسی سیاست کے منتظر ہیں جو سچائی کے ساتھ مظلوم اور ضعیف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو، ان کے شکوؤں کو دور کرے، کیونکہ عدل ظلم کے ساتھ شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، نہ امن خوف کے سائے میں قائم ہوسکتا ہے۔ آج بدلہ اور انتقام کو ایک طرف رکھ کر گفت و شنید اور پرسکون ڈائیلاگ کرنے کی اہم ضرورت ہے۔ تمام دنیا، چھوٹے بڑے ملکوں سمیت، باہمی ربط و تعلق اور امن و سلامتی کے سائے تلے رہنے سہنے کی شدید حاجت مند ہے۔ اصحابِ خرد ہوش کے ناخن لیں: اصحاب عقل و خرد اور مخلصین حضرات کو، جو تمام انسانیت کے خیر خواہ ہیں، چاہیے کہ ان اصول و مبادیات کو اپنائیں اور ان کی دعوت دیں، ان صاحبان عقل و دانش کو چاہیے کہ تاریخ میں مغالطہ پیدا نہ کریں اور قوانین فطرت کی خلاف ورزی سے بچیں، اگر انھوں نے ایسا نہ کیا تو پھر کمزور کمزور نہیں رہے گا۔ تاریخ قوموں اور تہذیبوں کے عروج و زوال کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ اسی طرح تاریخ میں قوموں کے صبر، ثبات، استقامت، مزاحمت اور طویل جدوجہد کی قوت کے مشاہدات بھی وافر مقدار میں موجود ہیں، دن رات گردش میں رہتے ہیں، زمانہ زیر انقلاب رہتا ہے۔ { وَسَیَعْلَمُ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْٓا اَیَّ مُنقَلَبٍ یَّنقَلِبُوْنَ} [الشعراء: ۲۲۷]
Flag Counter