Maktaba Wahhabi

81 - 523
مصلحین کی دعوت ۔۔۔ مشابہت پر تنبیہ: اے اہلِ اسلام! کفار کی مشابہت اختیار کرنے سے ڈرانا اور خبردار کرنا یہ مخلص مصلحین کی دعوت ہے، جو دین و ملت کے پاسبان ہیں۔ یہ وہ اصلاح پسند لوگ ہیں جنھوں نے اسباب اور علل کی نگاہ سے شکستوں کا مشاہدہ کیا ہے اور عزت کے طریقوں، شخصیت مسخ کرنے والے اسباب، اور مظاہرِ شخصیت، زندگی اور اندازِ فکر میں ان کی غلامی اور دست نگری پیدا کرنے والے تمام راستے واضح کر کے بتا دیے ہیں۔ یہ وہ ریفارمرز ہیں جنھیں اس حقیقت کا ادراک ہے کہ راستے کی اصلاح خالص امتیاز اور خصوصیات برقرار رکھنے میں ہے۔ لہٰذا جو شخص اپنے دین کے ساتھ شدید محبت رکھنے والا اور اپنی روح کو اﷲ تعالیٰ کے عذاب سے بچانے کا شدید خواہشمند ہے اسے چاہیے کہ وہ اﷲ تعالیٰ سے ڈر جائے، اسلام کی راہ اپنائے، مومنوں کے راستے پر چلے اور مشرکین، مغضوبین اور گمراہوں کی راہ سے علیحدہ ہوجائے، جیسا کہ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: { فَاَقِمْ وَجْھَکَ لِلدِّیْنِ حَنِیْفًا فِطْرَتَ اللّٰہِ الَّتِیْ فَطَرَ النَّاسَ عَلَیْھَا لَا تَبْدِیْلَ لِخَلْقِ اللّٰہِ ذٰلِکَ الدِّیْنُ الْقَیِّمُ وَ لٰکِنَّ اَکْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَ} [الروم: ۳۰] ’’پس تو ایک طرف کا ہو کر اپنا چہرہ دین کے لیے سیدھا رکھ، اﷲ کی اس فطرت کے مطابق، جس پر اس نے سب لوگوں کو پیدا کیا، اﷲ کی پیدائش کو کسی طرح بدلنا (جائز) نہیں، یہی سیدھا دین ہے اور لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔‘‘ دین اسلام مکمل دین ہے: اﷲ کے بندو! اﷲ تعالیٰ نے یہ دین مکمل کر دیا، اسے پسند فرمایا اور اس کے ساتھ مومنوں پر اپنی نعمت پوری کر دی ہے، جیسا کہ فرمایا: { اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَ اَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَ رَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا فَمَنِ اضْطُرَّ فِیْ مَخْمَصَۃٍ غَیْرَ مُتَجَانِفٍ لِّاِثْمٍ فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ} [المائدۃ: ۳]
Flag Counter