Maktaba Wahhabi

108 - 612
اس بلند وبالا اور عظمت والی ذات کی توفیق کے بغیر ہم میں نیکی کرنے کی طاقت ہے اور نہ ہی برائی سے بچنے کی ہمت ہے۔‘‘ اسی طرح کے دیگر اذکار کثرت سے سنتِ مطہرہ میں وارد اور ثابت ہیں۔[1] اﷲ تعالیٰ کے پسندیدہ کلمات: سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( أَحَبُّ الْکَلَامِ إِلَی اللّٰہِ أَرْبَعٌ: سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ، لَا یَضُرُّکَ بِأَیِّھِنَّ بَدَأْتَ )) [2] ’’اﷲ کے محبوب ترین کلمات چار ہیں: 1 ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ‘‘ (اﷲ پاک ہے)، 2’’اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ‘‘ (ہر قسم کی تعریف صرف اﷲ تعالیٰ کے لیے ہے)، 3’’ لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ‘‘ ( اﷲ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے)، 4’’اَللّٰہُ أَکْبَرُ‘‘ ( اﷲ سب سے بڑا ہے) اور ان چاروں میں سے جسے چاہو پہلے اور جسے چاہو بعد میں کہہ لو، اس میں کوئی حرج نہیں۔‘‘ سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ ہی سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( ھِيَ أَفْضَلُ الْکَلَامِ بَعْدَ الْقُرْآنِ، وَھُنَّ مِنَ الْقُرْآنِ )) [3] ’’قرآن کریم کے بعد یہ کلمات افضل ترین کلمات ہیں اور یہ در اصل قرآن کریم ہی سے ہیں۔‘‘ سیدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( قُلْ: لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ، فَإِنَّھَا کَنْزٌ مِنْ کُنُوْزِ الْجَنَّۃِ )) [4] کہو: ’’ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلَّا بِاللّٰہِ‘‘ (مجھ میں اﷲ کی توفیق کے بغیر نیکی کرنے کی طاقت ہے نہ برائی سے بچنے کی ہمت) کیونکہ یہ کلمات جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہیں۔‘‘
Flag Counter