Maktaba Wahhabi

251 - 492
انبیائے کرام علیہم السلام کے بعد سب سے افضل انسان حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سیرت اہم عناصرِ خطبہ: 1۔ تذکرہ ایک عظیم شخصیت کا 2۔ ابو بکر رضی اللہ عنہ کا تعارف 3۔ فضائل ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ 4۔ عملی زندگی کے بعض پہلو 5۔ خصوصیاتِ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ 6۔ خلیفۂ اول کے بعض اہم کارنامے پہلا خطبہ محترم حضرات ! آج ہم ایک عظیم شخصیت کا ذکرِ خیر کر رہے ہیں۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس کے متعلق تمام اہل السنۃ والجماعۃ کا اتفاق ہے کہ وہ انبیائے کرام علیہم السلام کی جماعت کے بعد سب سے افضل جماعت یعنی صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے افضل ہیں۔اورجن کو اللہ تعالی نے بہت ہی بلند مرتبہ نصیب کیا۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس نے سفر وحضرمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ نہ چھوڑا۔ہمیشہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہے اور نہ صرف یہ کہ اپنی تمام تر جسمانی توانائیاں اسلام کیلئے وقف کردیں بلکہ اللہ کے راستے میں اپنا پورا مال بھی خرچ کردیا۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس نے رسو ل اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اُس وقت نصرت ومدد کی جب ما سوا ئے چند ایک کے باقی سب لوگ آپ کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے تھے۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کی اس وقت تصدیق کی جب ما سوا ئے چند ایک کے باقی سب لوگ آپ کوجھٹلا رہے تھے۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس کے ایمان کو پوری امت کے ایمان کے ساتھ تولا گیا تو اس کے ایمان کا وزن زیادہ تھا۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس کو اللہ تعالی نے ہجرتِ مدینہ کے تاریخی سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھی بننے کا شرف نصیب کیا۔ ٭ وہ شخصیت کہ جس نے اللہ کے دین کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیا۔
Flag Counter