Maktaba Wahhabi

157 - 391
القول الجمیل، الحق، فصل الخطاب، جواب بالصواب، الدلیل الصریح، شہادت الفرقان۔ لیجیے کتابوں کی یہ فہرست آپ کے سامنے ہے، جو ایک سو تیس سے زائد کتابوں پر مشتمل ہے، جس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ حضرت سیالکوٹی رحمہ اللہ نے کس قدر عرق ریزی اور جانفشانی سے یہ کتاب مرتب کی۔ ان کی اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اس موضوع پر جو پذیرائی اس کتاب کو بخشی وہ کسی اور کتاب کو حاصل نہ ہو سکی۔ شہادت القرآن کے مباحث: جیسا کہ ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ یہ کتاب دو حصوں پر مشتمل ہے۔ حصہ اول میں تین مقدمات ایک تنبیہ اور دو فصلیں ہیں۔ پہلی فصل میں قرآن پاک کی چار آیات سے ثابت کیا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو صلیب نہیں دی گئی۔ جون ۱۹۰۲ء میں حضرت مولانا سیالکوٹی رحمہ اللہ نے مرزا قادیانی کو ایک اشتہار بھیجا کہ اگر آپ قرآن پاک سے حضرت مسیح علیہ السلام کا صلیب پر چڑھایا جانا ثابت کر دیں یا قرآن پاک سے ان کی وفات ثابت کر دیں تو بندہ حلفاً اقرار کرتا ہے کہ آپ کی تحقیق کا ممنون ہو گا اور مسیح علیہ السلام کی وفات تسلیم کر لے گا۔ اس مسئلہ کا فیصلہ جس طور پر بھی آپ کرنا چاہتے ہیں میں حاضر ہوں۔ یہ مکمل اشتہار مولانا مرحوم نے شہادت القرآن (ص: ۶۶) پر نقل کیا ہے۔ اس کے جواب سے آنجہانی مرزا جی نے تو خاموشی اختیار کی، البتہ ان کے مرید مبارک علی سیالکوٹی نے اس کا جواب ’’جواب باصواب‘‘ کے نام سے دیا۔ جس کا جواب الجواب مولانا مرحوم نے شہادت القرآن میں دیا اور بحث کا حق ادا کر دیا۔ اسی بنا پر اس پہلی فصل کا نام انھوں نے ’’ضرب بالیمین مکسر صلیب الملحدین‘‘ رکھا۔
Flag Counter