Maktaba Wahhabi

179 - 462
کی وجہ غالباً ان کا متشدد ہونا ہے، جیسا کہ علامہ ذہبی رحمہ اللہ نے میزان الاعتدال میں ابان بن اسحاق اور ابراہیم بن محمد کے ترجمہ میں صراحت کی ہے۔ 4 عبدالرحمان رحمہ اللہ بن ابی حاتم (م ۳۲۷ھ): ان کی کتاب الجرح والتعدیل کے نام سے نو مبسوط جلدوں میں حیدر آباد سے طبع ہو چکی ہے۔ نہایت مفید کتاب ہے جو زیادہ تر ان کے والدِ محترم امام ابو حاتم رحمہ اللہ اور امام ابو زرعہ رحمہ اللہ سے اسئلہ کے جوابات پر مشتمل ہے۔ 5 ابو نعیم رحمہ اللہ الجرجانی (م ۳۲۳ھ): ان کا نام عبدالملک بن محمد ہے، حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے تذکرۃ الحفاظ (۳/۳۵) میں ان کا ترجمہ تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ علامہ الکتانی رحمہ اللہ نے ان کی کتاب کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے: ’’ھو في عشرۃ أجزاء‘‘ 6 ابو جعفر رحمہ اللہ العقیلی (م ۳۲۳ھ): ان کی اس فن پر کتاب الضعفاء الکبیر اور کتاب الجرح والتعدیل کے نام سے دو کتابوں کا ذکر ملتا ہے۔ کتاب الضعفاء کا قلمی نسخہ حضرت سید بدیع الدین مدظلہ العالی کے کتب خانہ میں موجود ہے۔ حافظ عقیلی رحمہ اللہ جرح میں متشدد ہیں، یہاں تک کہ انھوں نے امام علی بن المدینی کو بھی الضعفاء میں داخل کیا ہے۔ علامہ ذہبی نے ان کے اس رویے سے برہم ہو کر یہاں تک فرما دیا: ’’فما لک عقل یا عقیلي أتدري فیمن یتکلم‘‘[1] اب یہ کتاب طبع ہو گئی ہے۔
Flag Counter