Maktaba Wahhabi

185 - 462
یہ کتاب پہلی مرتبہ لکھنؤ میں دو جلدوں میں مولانا عبدالحی لکھنوی کی کوششوں سے طبع ہوئی، پھر ۱۳۲۵ھ میں مصر سے تین جلدوں میں شائع ہوئی اور اب مصر ہی سے اس کا تیسرا اڈیشن چار جلدوں میں چھپ کر آ چکا ہے، جسے بعض دوسرے نسخوں سے مقابلہ کر کے اور تصحیح کے بعد بڑے اہتمام سے طبع کروایا گیا ہے۔ 4 الکاشف في أسماء الرجال: یہ کتاب تذہیب التہذیب کا اختصار ہے، اس کے قلمی نسخے بانکی پور، رام پور اور کتب خانہ آصفیہ میں موجود ہیں۔ اس کا ایک عمدہ نسخہ شیخ عبدالحق دہلوی کے والدِ محترم کا ہے جو حکیم حبیب الرحمان کے پاس ڈھاکہ میں تھا، معلوم نہیں حکیم صاحب ان دنوں بقیدِ حیات ہیں یا اللہ تعالیٰ کو پیارے ہو چکے ہیں۔ یہ کتاب بھی اب شائع ہو گئی ہے۔ 5 المغني في الضعفاء: حاجی خلیفہ کے قول کے مطابق مؤلف نے ابن معین، امام بخاری، ابو زرعہ، ابو حاتم، دارقطنی، الدولابی، حاکم، خطیب بغدادی اور ابن جوزی رحمہم اللہ کی کتابوں سے ضعیف راویوں کو جمع کر دیا ہے۔ یہ کتاب دو جلدوں میں شائع ہو گئی ہے۔ 6 من تکلم فیہ وھو موثق: اس میں ان روات کا ذکر ہے جن پر کلام کیا گیا ہے، لیکن ان کی روایت درجۂ حسن سے کم نہیں ہوتی۔ حضرت مولانا سید بدیع الدین صاحب پیر آف جھنڈا کے مکتبہ میں اس کا قلمی نسخہ موجود ہے، الحمد لله۔ اس کا قلمی نسخہ میرے پاس بھی موجود ہے، اس میں ۳۹۹ راویوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ بعد میں معلوم ہوا ہے کہ یہ ایک مجموعہ میں مطبوع بھی ہے۔
Flag Counter