Maktaba Wahhabi

292 - 534
قرض کی ادائیگی کو کیسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے ؟ شریعت کی جانب سے ادائیگی قرض کو یقینی بنانے کیلئے اختیار کئے جانےوالےوسائل: اسلام نے قرض کی واپسی کو محفوظ اور ممکن بنانے کے لئے چند ایسے رہنما ضابطے متعین کئے ہیں جن سے نہ صرف دیا گیا قرض محفوظ ہوجاتا ہے بلکہ اس کی واپسی بھی بہت آسان ہوجاتی ہے۔ یہ وسائل قرض دینے سے پہلے اختیار کرنے ضروری ہیں۔ مقروض کے قرض لینے سے مکر جانے کا حل جو لوگ قرض لیکر مکر جاتے ہیں شریعت نے اس حوالے سے چند رہنما ضابطے متعین کئے ہیں جن کے اختیار کرنے سے مقروض کبھی بھی مکر نہیں سکتا۔ (1) قرض کے معاہدہ کو تحریر کیا جائے : قرض کے معاہدہ کو تحریر کرنا مشروع عمل ہے جس کا اللہ تعالی نے حکم بھی دیا ہے {يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓا اِذَا تَدَايَنْتُمْ بِدَيْنٍ اِلٰٓى اَجَلٍ مُّسَمًّى فَاكْتُبُوْهُ } [البقرة: 282] اے ایمان والو! جب تم کسی مقررہ مدت کے لیے ادھار کا معاملہ کرو تو اسے لکھ لیا کرو۔ قرض کے معاہدہ کو لکھنے میں بہت سی حکمتیں اور فوائد پنہا ں ہیں : مال محفوظ ہوجاتا ہے اب کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ میں نے قرض نہیں لیا۔ تنازعات اور اختلافات ختم ہوجاتے ہیں۔ کیونکہ بعض دفعہ مکرنے والا پورے قرض سے نہیں مکرتا بلکہ فریقین میں اختلاف ہوجاتا ہے کہ کتنی رقم دی گئی تھی۔ اور اس کی واپسی کا کیا طریقہ کار طے تھا۔ جس سے فریقین میں ناختم ہونے والے جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں۔ اگر قرض کا معاہدہ لکھا ہوگا تو ظاہر ہے اس میں قرض کی رقم ، اس کی مدت ، ادائیگی کا طریقہ کار ، اور وقت ضرور تحریر ہوگا جس سے نزاع ختم ہوجائے گا۔ فاسد و باطل معاملہ سے بچاؤممکن ہوجائے گا۔
Flag Counter