Maktaba Wahhabi

3 - 166
باب اول تحریک استشراق کا تعارف استشراق کا معنی ومفہوم(Meaning of Orientalism) لفظ استشراق کا مادہ ’ش۔ر۔ق‘ ہے اور یہ باب استفعال سے مصدر ہے۔ باب استفعال کے خاصہ ’طلب‘ کی وجہ سے اس میں لفظ ’س‘ طلب کا مفہوم ادا کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس لفظ کا اردو ترجمہ’ شرق شناسی‘ کیا گیا ہے۔1 عام فہم الفاظ میں استشراق کا معنی ومفہوم’ مشرق کو جاننے کی طلب یا خواہش رکھنا‘ ہے۔ ’استشراق‘ کا انگریزی ترجمہ 'Orientalism' کیا جاتا ہے۔ لاطینی زبان میں 'Orient' کا لفظ کسی شے کے بارے میں تحقیق کرنے یا سیکھنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ جرمنی میں 'Sich Orientieren' کا معنی کسی شے کے بارے معلومات جمع کرنا ہے۔ اسی طرح فرانسیسی زبان میں 'Orienter'کا لفظ رہنمائی کرنے کے لیے مستعمل ہے۔ اور انگریزی ہی میں 'Orientate' کا لفظ اپنے حواس کو کسی خاص سمت میں لگا دینے کے معنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔2 ڈاکٹر عمر بن ابراہیم رضوان نے استشراق کی تعریف کچھ یوں کی ہے: ’’فالاستشراق إذن هی دراسة الغربیین عن الشرق من ناحیة عقائده أو تاریخه أو آدابه....إلی غیر ذلك"3 ’’ پس استشراق سے مراد اہل مغرب کا مشرق کے عقائد، تاریخ اور فنون وغیرہ کا مطالعہ کرنا ہے۔‘‘ استاذ فاروق عمر فوزی استشراق کا معنی ومفہوم متعین کرتے ہوئے لکھتے ہیں: "علم یدرس لغات شعوب الشرق وتراثهم وحضاراتهم ومجتمعاتهم وماضیهم وحاضرهم"4 ’’ استشراق ایک ایسا علم ہے جومشرق کی زبانوں، علمی ورثہ، تہذیبوں، معاشروں، ماضی اور حال کے بارے میں بتلاتا ہے۔‘‘
Flag Counter