Maktaba Wahhabi

99 - 120
(۵۹) قبر پر اگربتی جلانا: قبر پر پھول چڑھانے والے بعد دفن ِمیت قبروں پر اگربتیاں بھی جلاتے ہیں اور قبر میں لگا دیتے ہیں اور اس فعل کو بھی یہ حضرات پھول چڑھانے کی طرح فرض یا لازم سمجھتے ہیں اگر بتی جلانے کا مقصد اگر خوشبو پھیلانا ہوتا ہے تو خوشبو تو میت کے کفن میں اچھی طرح لگا دی جاتی ہے پھر یہ بیرونی خوشبو کا کیا مقصد ہے؟کیا اگربتی قبر پر سلگانا سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے؟ یہ سوال ہم نے جب کبھی بھی مردہ پرستوں سے کیا تو انہیں سانپ سونگھ گیا۔ برادرانِ اسلام! ذرا سوچیئے کہ میت کے لیئے یہ جتنے بھی اہتمام کیئے جا رہے ہیں کیا زندگی میں بھی اس کے ساتھ اسی طرح کیئے گئے تھے۔ واﷲ! ان گناہ گار آنکھوں نے بارہا ایسی ناخلف اولادیں دیکھیں جنہوں نے جاں بلب والدین کو مرنے کے لیئے بستر مرگ پر تڑپتا چھوڑ دیا، ان کی خدمتیں نہیں کیں ۔ان کے پاس اگر آتے تو ناک پر کپڑارکھ کر آتے تھے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کی بیماریوں کے جراثیم انہیں بھی لگ جائیں ۔ اب مرنے کے بعدوہی قبر پر پھول بھی چڑھا رہے ہوتے ہیں اور اگر بتیاں جلاتے ہیں ۔ اگر یہ حسن سلوک ہے تو اس کا مظاہرہ زندہ سے ہونا چاہیئے نہ کہ مردے سے ، اور اگر فرائضِ تدفین میں شامل ہے تو اس کی دلیل کس کتاب حدیث میں ہے؟ قبروں پر اگر بتیاں جلانے والے جب یہ اگر بتیاں جلاتے ہیں تو میں اکثر یہ سوچتا ہوں کہ یہ توا ﷲ کی مرضی ہے کہ اپنے اس بندے کو جنت میں داخل کرے یا جہنم میں داخل کرے، ثواب عطا فرمائے یا عذاب سے دوچار کرے، بندوں نے تو میت کو دفن کرتے ہی آگ کا عذاب دینا شروع کردیا۔ اگربتی قبر کے اندر سلگے یا باہر سلگے دونوں صورتوں میں قبر پر آگ جلائی گئی اور قبر پر آگ جلانے کا مطلب اس کے علاوہ اور کیا لیا جاسکتا ہے کہ اﷲنے اپنے بندے کو قبر میں داخل ہوتے ہی جس عذاب سے دوچار کیا ہے وہ آگ کا عذاب ہے جسے اس کی قبر پر سلگانے والے غیر نہیں بلکہ اس کے اپنے لوگ ہوتے ہیں اور یہ سزا ہے بدعتیں اپنانے والوں کی جو اﷲہمیں دنیا میں دکھا رہا ہے۔
Flag Counter