Maktaba Wahhabi

3 - 127
بسم اللّٰه الرحمن الرحیم اولیاء اللہ کا مقام اس میں شک نہیں اولیاء اللہ کا مقام بہت بلند ہے یہ اللہ کی دوستی کے منصب پر فائز ہیں مگر ستم یہ ہے ان کے حالات لکھنے والوں نے نہایت نادان دوستی کا ثبوت دیا ہے وہ اگر بہترین مسلمان تھے تو یقینا انہوں نے توحید ہی پھیلائی ہو گی اور اتباعِ سنت پر ہی زور دیا ہو گا مگر سوانح نگاروں نے ان کا جو نقشہ کھینچا ہے اور ان کی جو منظر کشی کی ہے وہ نہایت مکروہ اور مضحکہ خیز ہے۔ اس کے مطابق کبھی وہ جادوگر نظر آتے ہیں کبھی بھوت پریت لگتے ہیں کبھی پاگل دکھلائی دیتے ہیں کبھی جوکر معلوم ہوتے ہیں اور کبھی ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ ان کا لنگوٹیا رہا ہو۔ مثلاً سماعت فرمائیے۔ بلا تبصرہ: ۱۔ ابراہیم بن ادھم قدم قدم پر دو نفل پڑھتے ہوئے چودہ برس میں بلخ سے خانہ کعبہ کے مقام پر پہنچے تو خانہ کعبہ ندارد … ہاتف غیبی نے آواز دی کہ وہ جنگل میں ایک ضعیفہ کی زیارت کو گیا ہے وہاں پہنچے تو دیکھا کہ خانہ کعبہ رابعہ بصریہ رحمہ اللہ کا طواف کر رہا ہے۔ (انیس الارواح مترجم ص ۱۷ ملفوظات عثمان ہارونی مرتبہ معین الدین اجمیری رحمہ اللہ)۔ ۲۔ بایزید بسطامی نے فرمایا خانہ کعبہ نے میرے گرد طواف کیا ۔ (دلیل العارفین ملفوظات معین الدین چشتی رحمہ اللہ ۔ مرتبہ بختیار کاکی ص۹۷)۔ ۳۔ فرمایا میں دو انگلیوں کے درمیان دنیا و مافیہا کو دیکھتا ہوں۔ (ایضًا ص۱۰۰)۔
Flag Counter