Maktaba Wahhabi

145 - 342
35۔جسے کوئی پوچھنے والا نہ ہو اس کے حامی ہم ہیں سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق عالیہ کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ مدینہ طیبہ کی لونڈیوں میں سے ایک لونڈی آتی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہاتھ پکڑ کر جہاں چاہتی آپ کو لے جاتی اور آپ سے گفتگوکرتی۔، ، صحیح البخاري، حدیث:6072۔ ایک اور حدیث میں وہ فرماتے ہیں کہ ایک عورت جس کا دماغی توازن درست نہ تھا۔ ایک مرتبہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور کہنے لگی:اللہ کے رسول! مجھے آپ سے ایک کام ہے ۔ ارشاد فرمایا: (یَا أُمَّ فُلَانٍ! اُنْظُرِي أَيَّ السِّکَکِ شِئْتِ، حَتّٰی أَقْضِيَ لَکِ حَاجَتَکِ) ’’فلاں کی ماں! دیکھو اگر تمہیں مجھ سے کوئی کام ہے اور میرے ساتھ جانے سے وہ کام ہوسکتا ہے تو جس جگہ مجھے لے جانا چاہو میں تمہاری مدد کے لیے جانے کو تیار ہوں۔‘‘ پھر کائنات کی سب سے اعلیٰ ترین شخصیت ایک پگلی کے ہمراہ تشریف لے گئی یہاں تک کہ اس کا کام ہوگیا۔ ، ، صحیح مسلم، حدیث:2326۔ قارئین کرام! ایسا ہوتا ہے کہ ایک ایسی عورت جس کا دماغی توازن بھی درست نہیں اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں ، عام طور پر لوگ ایسے مسکینوں سے گریز کرتے ہیں ، مگر یہاں نقشہ یہ ہے وہ بلا خوف اور بے جھجک گلی میں بیٹھ جاتی ہے ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس کے پاس تشریف فرما ہیں ۔ وہ خاتون بلا تکلف آپ کو اپنی ضرورت کے متعلق آگاہ کرتی ہے۔
Flag Counter