Maktaba Wahhabi

300 - 342
79۔ باوفا اہلیہ کی یادیں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے پچیس سال کی عمر میں سیدہ خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا سے شادی کی۔ سیدہ کی عمر اس وقت چالیس سال تھی، اس سے پہلے وہ شادی شدہ تھیں۔ یہ جوڑا کائنات کا سب سے افضل جوڑا تھا۔ سیدہ نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو بے حد محبت دی، آپ کا ہر مشکل میں ساتھ دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کو سب سے پہلے قبول کرنے والی سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا ہی تھیں۔ وہ آپ کے دکھ اور سکھ کی ساتھی تھیں۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی سیدہ کو خوب احترام دیا۔ محبت کا یہ عالم رہا کہ آپ نے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی زندگی میں دوسری شادی نہیں کی۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کا معاشرے میں بلند مقام تھا۔ وہ قریش کی افضل ترین خواتین میں سے تھیں، سیدۂ نساء قریش تھیں۔ سیدہ خدیجہ کی ایک بہن کا نام ’’ہالہ‘‘ تھا۔ ان کے بیٹے ابو العاص بن ربیع کے ساتھ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے بڑی بیٹی سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی شاد ی ہوئی تھی۔ اس اعتبار سے سیدہ ’’ہالہ‘‘ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سالی ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کی سمدھن بھی تھیں۔ مکہ مکرمہ میں اپنی بہن سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے گھر ان کا آنا جانا تھا، اس لیے سیدہ ہالہ رضی اللہ عنہا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے غیر معروف نہ تھیں۔ مدنی دور میں ایک وقت ایسا آیا کہ سیدہ ہالہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر ملاقات کے لیے آتی ہیں۔ گھر میں داخل ہونے کی اجازت مانگتی ہیں۔ ان کا انداز وہی تھا جو سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کا تھا۔ ان کی آواز بھی سیدہ سے ملتی جلتی تھی۔
Flag Counter