Maktaba Wahhabi

94 - 342
20۔ قیدی کو روٹی کھلا کر خود کھجوروں پر گزارا کرلیا زمانہ قدیم سے جنگیں ہوتی چلی آرہی ہیں۔ جنگوں میں ہمیشہ سے لوگ قیدی بنتے رہے ہیں۔ ان کے ساتھ نہایت وحشیانہ سلوک کیاجاتارہا ہے۔ عصر حاضر کے حکمرانوں نے جنیوا میں بیٹھ کرایک کنونشن میں جنگی قوانین تیار کیے اور قیدیوں کے ساتھ سلوک کی حدود مقرر کیں اور ان سفارشات کو پوری دنیا پر لاگو کرنے کی ہدایت کی ، مگر میں اپنے قار ئین کرام کو رسول معظم صلی اللہ علیہ وسلم کے خوبصورت کردار کی ایک جھلک دکھانے لگا ہوں۔جو کام ان لوگوں نے آج کرنے کی کوشش کی اس سے بدرجہا بہتر قوانین آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آج سے ڈیڑھ ہزار دنیا کو عطا فرمائے۔آئیے لڑائی کے میدان میں قیدی بننے والوں سے حسن سلوک کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اعلیٰ اخلاق کا ایک خوبصورت پہلو دیکھتے ہیں۔ اس کے لیے ہمیں تھوڑی دیر کے لیے دو ہجری رمضان المبارک کے مہینے میں بدر کے میدان میں چلنا ہوگا۔ یہاں ستر بڑے بڑے مشرک سردار قیدی بن چکے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں قیدی مسلمانوں کے ہاتھ لگے ہیں۔
Flag Counter