Maktaba Wahhabi

79 - 256
حضرت عیسیٰ علیہ السلام حضرت عیسیٰ علیہ السلام جلیل القدر اور اولوالعزم پیغمبروں میں سے تھے۔ ان کی جلالت قدر اور عظمت شان کا ایک امتیازی نشان یہ ہے کہ انھیں ماں کی گود میں ہی قوت گویائی عطا فرمائی اور ان کے اجداد ’’آل عمران‘‘ کو اللہ تعالیٰ نے اہل عالم پہ فضیلت دی : تمام اولادِ ابراہیم کو اور آلِ عمراں کو بنایا برگزیدہ جملہ موجوداتِ عالم پر اہلِ تاریخ نے لکھا ہے کہ عمران، صاحبِ اولاد نہیں تھے اوران کی بیوی ’حنّہ‘ بہت زیادہ متمنی تھیں کہ ان کے اولاد ہو، اس لیے وہ درگاہِ الٰہی میں دست بہ دعا اور قبولیت کے لیے منتظر رہتی تھیں۔ دل سے نکلی ہوئی دعا قبول ہوئی اور حنّہ چند روز میں امید سے ہوگئیں جس کے نتیجے میں حضرت مریم علیہا السلام پیدا ہوئیں جن کا ذکر قرآن میں اسی تکریم سے کیا گیا ہے جو انبیاء علیہم السلام کو نصیب ہوئی: اور اس قرآں میں پڑھیے اے پیمبر ذکرِ مریم بھی جنھوں نے کی حفاظت خوب ہی ناموس کی اپنی انھی مریم صدیقہ علیہا السلام کو جو عابدہ و زاہدہ اور عفت مآب خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی والدہ ’حنّہ‘ کی ’’نذر‘‘ کے مطابق مسجد اقصیٰ کی خدمت پر بھی مامور تھیں، اللہ تعالیٰ نے انھیں اپنی قدرت کاملہ سے بغیر شوہر کے عیسیٰ علیہ السلام جیسا بیٹا عطا فرمایا۔
Flag Counter