Maktaba Wahhabi

56 - 173
اس کتاب کے مضامین ومحتویات کا زیادہ ترحصہ احادیث پر مبنی ہے۔ اس کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ شاہ صاحب علم حدیث میں بہ درجہ غایت درک رکھتے تھے۔ شاہ صاحب نے برصغیر میں علم حدیث کے سلسلے میں وہ خدمات سرانجام دیں جن کا اس سے قبل اس سرزمین کے کسی اہل علم کو کبھی خیال نہیں آیا تھا۔ تحریر کے علاوہ شاہ صاحب نے تدریس کا بھی اس ملک میں ایک وسیع سلسلہ جاری کیا۔ ان سے بے شمار شائقینِ علم نے حصول فیض کیا۔ پھر یہ سلسلہ آگے چلا اور اب تک چل رہا ہے اور ان شاء اللہ چلتا رہے گا۔ اس کے آثار برصغیر کی سرزمین سے باہر نکل کر دیگر ممالک میں بھی پہنچے۔ چنانچہ مختلف ملکوں کے لاتعداد لوگ یہاں آئے اور اس ملک کے متعدد اساتذہ سے علمِ حدیث پڑھا۔ شاہ صاحب کے فرزندان گرامی شاہ ولی اللہ صاحب کے بعد ان کے فرزندانِ گرامی نے بھی تدریسی اور تصنیفی رنگ میں علم حدیث کی ترویج کے لیے بے پناہ تگ ودو کی۔ شاہ عبدالعزیز نے فارسی زبان میں ’’بستان المحدثین‘‘ کے نام سے محدثین کے حالات میں کتاب لکھی۔ اس سے قبل ہندوستان میں اس موضوع کی کسی زبان میں کوئی کتاب نہ تھی۔ انھوں نے اور بھی بہترین کتابیں تصنیف کیں۔ ان چاروں بھائیوں (شاہ عبدالعزیز ، شاہ رفیع الدین، شاہ عبدالقادر اور شاہ عبدالغنی) نے تدریس کے ذریعے بھی لوگوں کو بہت فیض پہنچایا۔ نواب صدیق حسن خاں حضرت نواب سید صدیق حسن خاں کی اختصار کے ساتھ صفحاتِ سابقہ میں قرآنی خدمات کی نشان دہی کر دی گئی ہے۔ حدیث کے متعلق انھوں نے عربی، فارسی، اردو تینوں زبانوں میں کتابیں تصنیف کیں۔
Flag Counter