Maktaba Wahhabi

70 - 173
3… التعلیق المغني علیٰ سنن الدار قطني: حدیث کی مشہور کتاب دارقطنی کا متن مولانا عظیم آبادی نے پہلی دفعہ اپنی محققانہ تعلیقات کے ساتھ شائع کیا۔ یہ کتاب اولیں مرتبہ 1310ھ میں مطبع فاروقی دہلی سے دو جلدوں میں چھپی۔ اس کا عکس پاکستان میں بھی چھپ گیا ہے۔ حضرت مولانانے حدیث کے متعلق بہت سی خدمات سرانجام دیں، جس کی تفصیل میں نے اپنی کتاب ’’دبستان حدیث‘‘ میں بیان کی ہے۔ اس میں ان کے بعض جلیل القدر تلامذہ کے اسماے گرامی بھی تحریر کیے ہیں اور یہ بھی لکھا ہے کہ ان کے مشورے سے کن اہل علم نے کون سی کتابیں لکھیں اور علمی حیثیت سے ان کتابوں کی کس قدر پذیرائی ہوئی۔ حضرت مولانا شمس الحق عظیم آبادی نے صرف 56سال عمر پائی اور وہ 19ربیع الاول 1329ھ (20۔ مارچ 1911ء) کو سفر آخرت پر روانہ ہوئے۔ مولانا عبدالرحمن مبارک پوری مولانا عبدالرحمن مبارک پوری کا مولد قصبہ مبارک پور ضلع اعظم گڑھ (یوپی) ہے اور سالِ ولادت ہے 1282ھ (1865ء)۔ نہایت نرم مزاج، سراپا انکسار اور پیکر تواضع عالم دین تھے۔ متعدد اساتذہ سے استفادہ کیا۔ ایک عرصے تک حضرت حافظ عبداللہ غازی پوری کے حلقۂ درس میں رہے۔ حضرت حافظ صاحب ممدوح اپنے اس شاگرد کی صلاحیتوں سے بہت متاثر تھے اور ان پر بڑی شفقت فرماتے تھے۔ استاذِ مکرم کے مشورے سے حضرت میاں سید نذیر حسین دہلوی کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان سے کسبِ فیض کیا۔ یہ 1306ھ (1889ء) کا واقعہ ہے۔ اس وقت مولانا مبارک پوری 23برس کے نوجوان تھے اور حضرت میاں صاحب عمر مبارک کی 86 منزلیں طے کرچکے تھے۔ حضرت میاں صاحب سے صحیح مسلم، جامع ترمذی اور سنن ابی داود مکمل پڑھیں۔ ان کتابوں کے علاوہ تفسیر وحدیث اور فقہ کی بعض کتابیں ان سے پڑھیں اور سند لی۔
Flag Counter