Maktaba Wahhabi

180 - 295
جاتا،لیکن مولانا نے ضعف اور پیری کے باوجود کبھی کسی تکان کی شکایت نہیں کی۔اللہ تعالیٰ ان کی تربت کو ٹھنڈی رکھے اور آخرت میں ان کے مراتب بلند فرمائے۔‘‘ (مبادی تدبر حدیث،ص: ۱۳،۱۴) مولانا امین احسن نے راقم کو ایک ملاقات میں فرمایا تھا: ’’عراقی صاحب! میں نے جامع ترمذی ترمذی کے ماسٹر سے پڑھی ہے۔اللہ تعالیٰ ان کی تربت پر رحمت کی بارش برسائے۔بڑی محنت اور توجہ سے پڑھاتے تھے۔‘‘ دائرہ حمیدیہ کا قیام اور ماہنامہ الاصلاح کا اجرا: ۱۹۲۵ء میں مولانا حمید الدین فراہی کی تالیفات کی تصحیح اور عربی کتب کے تراجم کے لیے مدرسۃ الاصلاح میں دائرہ حمیدیہ کا قیام عمل میں آیا۔مطبوعات کے اردو ترجمے اور دائرے کے امور کی عمومی نگرانی مولانا امین احسن کی ذمے داری قرار پائی۔جنوری ۱۹۳۶ء میں ماہنامہ’’الإصلاح’‘کا اجرا ہوا تو اس کے مدیر مولانا امین احسن اصلاحی مقرر ہوئے۔ جماعت اسلامی سے وابستگی: جس زمانے میں مولانا امین احسن مدرسۃ الاصلاح میں تدریس و تالیف میں مشغول تھے،مولانا سید مودودی کے رسالہ ماہنامہ’’ترجمان القرآن’‘کے دعوتی و انقلابی مضامین نے جدید تعلیم یافتہ طبقے کے علاوہ علما کو بھی متاثر کیا،جن علما میں مولانا اصلاحی بھی شامل تھے۔ جماعتِ اسلامی کی تشکیل ۲۶ اگست ۱۹۴۱ء کو لاہور میں ہوئی۔مولانا امین احسن اگرچہ اس کے تاسیسی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے،لیکن ان کے مخلصانہ تعلق کے پیشِ نظر ان کا نام ارکانِ جماعت میں شامل کر لیا گیا اور انھیں اس وقت صوبہ بہار کی جماعتِ اسلامی کا نائب مقرر کیا گیا۔
Flag Counter