Maktaba Wahhabi

108 - 534
اباطیل کو شامل کیا۔ ان شیعی مؤرخین کی ایک اچھی خاصی تعداد نے اس موضوع پر کتابیں لکھیں، چنانچہ ابو مخنف رافضی نے کتاب ’’الشوریٰ‘‘ لکھی، اسی طرح ابن عقدہ اور ابن بابویہ نے اس موضوع پر مستقل کتابیں تصنیف کیں۔[1] شوریٰ، بیعت عثمان رضی اللہ عنہ ، اور تولیت خلافت کی تاریخ سے متعلق ابن سعد نے واقدی کی سند سے نو روایات نقل کی ہیں۔[2] اور ایک روایت عبداللہ بن موسیٰ کی سند سے عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت، چھ افراد پر مشتمل شوریٰ کی تعیین، خلافت ملنے کی صورت میں عثمان و علی رضی اللہ عنہما کو وصیت، اور اس سلسلہ میں صہیب رضی اللہ عنہ کو عمر رضی اللہ عنہ کی وصیت سے متعلق نقل کی ہے۔[3] بلاذری نے مشاورت اور بیعت عثمان رضی اللہ عنہ کی خبریں ابو مخنف[4] ہشام کلبی، واقدی[5] عبیداللہ بن موسیٰ[6] سے نقل کی ہیں، اور طبری نے اس سلسلہ میں مختلف روایات پر اعتماد کیا ہے جس میں سے ابو مخنف کی بھی روایت ہے۔[7] اور ابن ابی الحدید نے شوریٰ سے متعلق بعض واقعات احمد بن علی الجوہری کی سند سے نقل کیے ہیں۔[8]اور واقدی کی کتاب ’’الشوریٰ‘‘ سے نقل کی طرف اشارہ کیا ہے۔[9]یہ تمام تر شیعی روایات متعدد جھوٹے امور پر مشتمل ہیں جن کی صحت کی کوئی دلیل نہیں ہے۔ وہ امور یہ ہیں: ۱۔ مسلمانوں کے معاملات میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر نا انصافی کا اتہام: شیعی روایات نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو مسلمانوں کے معاملات میں متہم کیا ہے، اور یہ باور کرایا ہے کہ علی رضی اللہ عنہ اس بات پر راضی نہیں تھے کہ عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ خلیفہ کے انتخاب کی کارروائی چلائیں۔ ابو مخنف رافضی، ہشام کلبی اور احمد جوہری نے یہ بیان کیا ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ نے دونوں جانب ووٹ برابر ہونے کی صورت میں ترجیحی صلاحیت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کو سونپ دی تھی جس سے علی رضی اللہ عنہ نے یہ محسوس کر لیا تھا کہ اب خلافت ان کے ہاتھ سے نکل گئی کیوں کہ عبدالرحمن رضی اللہ عنہ سسرالی رشتہ کی وجہ سے عثمان رضی اللہ عنہ کو ہی ترجیح دیں گے۔[10]
Flag Counter