Maktaba Wahhabi

148 - 534
عفو و درگزر: عمران بن عبداللہ بن طلحہ سے روایت ہے کہ عثمان رضی اللہ عنہ صبح کی نماز کے لیے نکلے، اور اس دروازہ سے مسجد میں داخل ہونے لگے جس سے عام طور پر داخل ہوتے تھے، اتنے میں دروازہ تنگ ہو گیا، فرمایا دیکھو کیا بات ہے؟ لوگوں نے دیکھا تو ایک شخص خنجر یا تلوار لیے دروازہ کے ساتھ چھپا تھا۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے اس سے پوچھا یہ کیا بات ہے؟ اس شخص نے کہا: میں آپ کو قتل کرنے کے ارادہ سے کھڑا تھا۔ آپ نے فرمایا: سبحان اللہ! تم کس بات پر مجھے قتل کرنا چاہتے تھے؟ اس نے کہا: آپ کے عامل نے یمن میں مجھ پر ظلم کیا ہے۔ آپ نے فرمایا: کیا تو نے اپنا معاملہ میرے پاس پیش کیا، اور پھر میں نے اپنے عامل سے تمہارا حق نہیں دلایا جس کی وجہ سے تو نے مجھے قتل کرنے کا ارادہ کیا؟ پھر لوگوں سے مخاطب ہو کر فرمایا: آپ لوگ اس شخص کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ لوگوں نے عرض کیا: امیر المومنین دشمن پر اللہ تعالیٰ نے آپ کو قدرت بخشی ہے پکڑ میں آچکا ہے (بدلہ لے لینا چاہیے)۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: بندے نے گناہ کا ارادہ کیا اور اللہ تعالیٰ نے اس کے شر سے مجھے بچا لیا، جاؤ کوئی ضامن لے کر آؤ جو اس بات کی ضمانت دے کہ جب تک میری امارت ہے تم مدینہ میں داخل نہیں ہو گے، وہ اپنے لوگوں میں سے ایک شخص کو بطور ضامن لے آیا تو آپ نے اس کو چھوڑ دیا۔[1] یہ امیر المومنین عثمان رضی اللہ عنہ کی طرف سے عظیم تسامح اور شفقت و مہربانی ہے کہ آپ نے اس شخص کو معاف کر دیا جو آپ کو قتل کرنا چاہتا تھا پس قدرت کے باوجود عفو و درگزر کرنا آپ کے صفات کمال میں سے ہے۔ اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپ نفس پرستی اور انانیت سے بالکل آزاد تھے، دنیا سے تعلق کم اور آخرت سے آپ کا تعلق گہرا تھا۔ اور یہ صفت عمل صالح ہونے کے ساتھ ساتھ جس سے آخرت میں درجات بلند ہوں گے، دنیا میں حکیمانہ سیاست بھی ہے، اگر یہ شخص جس نے آپ کو قتل کرنا چاہا تھا قتل کر دیا جاتا یا اس کو سزا دی جاتی تو اس سے فتنہ پیدا ہو سکتا تھا، اس کے قبیلہ کے لوگوں کے سینوں میں عداوت و انتقام کی آگ بھڑک سکتی تھی، لیکن عفو و درگزر کی وجہ سے خود اس کے لوگ اس کو اس کے کیے پر سر زنش کریں گے، اور فتنہ اپنی جگہ پر بجھ جائے گا، اور عفو و درگزر کرنے والے کا مقام لوگوں کے دلوں میں بیٹھ جائے گا اور لوگ اس سے محبت کرنے لگیں گے۔[2] تواضع: ارشاد الٰہی ہے: وَعِبَادُ الرَّحْمَنِ الَّذِينَ يَمْشُونَ عَلَى الْأَرْضِ هَوْنًا وَإِذَا خَاطَبَهُمُ الْجَاهِلُونَ قَالُوا سَلَامًا (63) (الفرقان: ۶۳)
Flag Counter