Maktaba Wahhabi

157 - 534
رہے، آج اس عظیم فہم کی کس قدر ہمیں ضرورت ہے جس سے نفوس کو زندگی ملتی ہے اور طاقتیں موجزن ہوتی ہیں۔ زہد: امیر المومنین عثمان رضی اللہ عنہ نے مال داری و ثروت میں شہرت حاصل کی لیکن اس کے باوجودآپ زہد کے پیکر تھے، متعدد روایات اس کا بین ثبوت ہیں، چنانچہ حمید بن نعیم سے روایت ہے کہ عمرو عثمان رضی اللہ عنہما کو کھانے کی دعوت دی گئی، جب دونوں چلے تو عثمان رضی اللہ عنہ نے عمر رضی اللہ عنہ سے کہا ہم ایسے کھانے کی محفل میں شرکت کر رہے ہیں کہ میرا جی چاہتا ہے کہ ہم یہاں نہ آتے۔ عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: کیوں؟ فرمایا: مجھے خوف ہے کہ کہیں فخر و مباہات کے لیے یہ کھانے کی محفل نہ سجائی گئی ہو۔[1] اسلامی سخاوت کے میدان میں عثمان رضی اللہ عنہ کی فقاہت یہ تھی کہ سخاوت اسلام میں فخر و مباہات کی خاطر انواع و اقسام کے زیادہ کھانے پیش کرنے کا نام نہیں، بلکہ مال کو بغیر اسراف کے اور کبر و غرور سے دور رہ کر منعم حقیقی کے شکر اور لوگوں کے ساتھ تواضع اور فروتنی اختیار کرتے ہوئے خرچ کرنے کا نام ہے۔ عثمان رضی اللہ عنہ کا یہ نظریہ دنیاوی جاہ وحشمت سے بے نیازی پر مبنی ہے، اور اس بات کی دلیل ہے کہ آپ دنیا بیزار لوگوں میں سے تھے۔[2] وہ روایت بھی عثمان رضی اللہ عنہ کے زہد و تواضع کی دلیل ہے جسے امام احمد رحمہ اللہ نے میمون بن مہران کی حدیث سے روایت کیا ہے فرماتے ہیں: مجھے ہمدانی نے بیان کیا کہ انہوں نے عثمان رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ آپ خچر پر سوار ہیں، اور اپنے پیچھے اپنے غلام نائل کو سوار کیے ہوئے ہیں جب کہ آپ خلیفۃ المسلمین کے اعلیٰ منصب پر فائز تھے۔[3] اسی طرح امام احمد رحمہ اللہ نے ہمدانی کی یہ روایت بیان کی ہے: ’’میں نے عثمان رضی اللہ عنہ کو، جب کہ آپ امیر المومنین تھے، دیکھا کہ مسجد میں ایک چادر پر سوئے ہوئے ہیں اور آپ کے پاس کوئی نہیں ہے۔‘‘[4] اور شرحبیل بن مسلم کی یہ حدیث بھی روایت کی ہے کہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ لوگوں کو امارت کا کھانا کھلا دیتے اور خود اپنے گھر جا کر سرکہ اور روغن پر گزارہ کرتے۔[5] امیر المومنین عثمان رضی اللہ عنہ کے زہد کی یہ عظیم مثالیں ہیں، اگر زاہد متوسط درجہ کا ہو تو پھر اس کا زہد قابل التفات اور تعجب خیز نہیں ہوتا لیکن جب مال دار ہو تو یقینا اس کا زہد حیرت انگیز اور عبرت آموز ہوتا ہے، کیوں کہ کثرت مال انسان کو لذت کوشی اور اخراجات میں فراخی و اسراف کی طرف راغب کر دیتی ہے، لہٰذا مال دار کے زاہد ہونے
Flag Counter