Maktaba Wahhabi

213 - 534
۱۱۔ حج تمتع سے ممانعت: عثمان رضی اللہ عنہ نے افضل پر عمل کی خاطر لوگوں کو تمتع و قران سے منع کر دیا تھا آپ افراد کو افضل سمجھتے تھے ورنہ آپ پر یہ مخفی نہیں تھا کہ انسان کو اس بات کا اختیار ہے کہ افراد، قران اور تمتع میں سے جس کو چاہے اختیار کرے، لیکن آپ افضل پر عمل کرانا چاہتے تھے۔ تمتع و قران کا ابطال مقصود نہیں تھا۔ چنانچہ مروان بن حکم سے مروی ہے کہ میں عثمان وعلی رضی اللہ عنہما کے پاس موجود تھا۔ عثمان رضی اللہ عنہ لوگوں کو تمتع و قران سے روک رہے تھے جب علی رضی اللہ عنہ نے یہ کیفیت دیکھی تو حج و عمرہ کا ایک ساتھ تلبیہ پکارا اور فرمایا: میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو کسی کے قول کی بنیاد پر نہیں چھوڑ سکتا۔[1] عثمان رضی اللہ عنہ نے علی رضی اللہ عنہ کے اس موقف پر نکیر نہیں فرمائی کیوں کہ علی رضی اللہ عنہ کو یہ خطرہ لاحق ہو گیا تھا کہ کہیں لوگ عثمان رضی اللہ عنہ کی اس ممانعت سے تمتع قران کو باطل نہ سمجھنے لگیں اس لیے آپ نے حج و عمرہ کا احرام باندھتے ہوئے فرمایا میں کسی کے قول کی بنیاد پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو نہیں چھوڑ سکتا تاکہ اس کے جواز و سنت کو واضح کر دیں بہرحال دونوں ہی مجتہد اور اجر کے مستحق ہیں۔[2] اس حدیث کے ظاہری فوائد میں سے یہ ہیں: ٭ علماء کا علم کی اشاعت اور مسلمانوں کی نصیحت کی خاطر حکماء و امراء سے مناظرہ۔ ٭ جن مسائل میں اجتہاد کی گنجائش ہے ان میں علماء کے اجتہاد کے لیے امراء کی وسعت قلبی۔ ٭ ایک مجتہد دوسرے مجتہد کو اپنی اتباع پر مجبور نہیں کر سکتا، اسی لیے عثمان رضی اللہ عنہ خاموش رہے۔ ٭ قول و عمل پر علم مقدم ہے۔[3] ۱۲۔ شکار کا گوشت کھانا: محرم کے لیے خشکی کا شکار کرنا اور اس شکار کو کھانا جائز نہیں اسی طرح خشکی کے اس شکار کو کھانا بھی جائز نہیں ہے جس کو اسی کی خاطر شکار کیا گیا ہو۔ عبدالرحمن بن حاطب سے روایت ہے کہ انہوں نے عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھ عمرہ کیا جب مقام روحاء پر پہنچے تو ان کے لیے پرندے کا گوشت پیش کیا گیا، عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا آپ لوگ کھائیں اور خود کھانا پسند نہیں کیا۔ اس پر عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ نے کہا: جسے آپ نہیں کھائیں گے اسے ہم کیسے کھائیں؟ عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں اس سلسلہ میں آپ لوگوں جیسا نہیں کیوں کہ یہ شکار میرے لیے کیا گیا ہے۔[4] عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھ ایسا ہی واقعہ دوسری مرتبہ بھی پیش آیا جیسا کہ عبداللہ بن عامر بن ربیعہ کی روایت ہے:
Flag Counter