Maktaba Wahhabi

354 - 534
میں وارد ہو تو عموم پر دلالت کرتا ہے جیسا کہ نفی کے سیاق میں وارد ہونے کی صورت میں دلالت کرتا ہے۔[1] ولید بن عقبہ رضی اللہ عنہ پر حد خمر: صحیحین میں وارد ہے کہ گواہوں کی شہادت کے بعد عثمان رضی اللہ عنہ نے ان پر حد جاری کی، لہٰذا یہ واقعہ عثمان رضی اللہ عنہ کے خلاف اعتراضات کا حصہ نہیں بلکہ آپ کے مناقب میں سے ہے، چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اسے مناقب عثمان کے باب میں روایت کیا ہے۔[2]اور علی رضی اللہ عنہ فرماتے تھے: تم جو عثمان رضی اللہ عنہ پر تنقید کرتے ہو تو تمہاری مثال اس شخص کی طرح ہے جو اپنے اوپر وار کرتا ہے تاکہ اپنے معاون کو قتل کر دے[3] عثمان رضی اللہ عنہ کا اس شخص سے متعلق کیا قصور، آپ نے تو اس کے فعل کی پاداش میں کوڑے لگوائے اور پھر معزول کر دیا۔ عثمان رضی اللہ عنہ کا ان امور میں کیا گناہ جو انہوں نے ہمارے بارے میں کیا۔[4] اور پھر اس طرح کا واقعہ صرف عثمان رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں نہیں پیش آیا بلکہ اس سے قبل عہد فاروقی میں پیش آچکا تھا، چنانچہ مذکور ہے کہ قدامہ بن مظعون رضی اللہ عنہ جو شرف صحابیت سے بھی مشرف ہیں، وہ بحرین کے امیر تھے انہوں نے شراب پی لی تو عمر رضی اللہ عنہ نے ان پر حد جاری کی اور معزول کر دیا۔[5] بعض مؤرخین کا بیان ہے کہ ولید رضی اللہ عنہ پر شراب نوشی کا الزام درجہ ثبوت کو نہیں پہنچتا ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ ’’الاصابہ‘‘ میں فرماتے ہیں: کہا جاتا ہے کہ بعض کوفیوں نے ان کے خلاف دشمنی کی وجہ سے نا حق شہادت دے دی۔[6] ابن خلدون نے اس کی طرف اشارہ کیا ہے۔ فرماتے ہیں: عثمان رضی اللہ عنہ کے عمال اور گورنروں کے خلاف فسادیوں کی طرف سے افواہیں پھیلائی جاتی رہیں، اور ولید بن عقبہ رضی اللہ عنہ پر شراب نوشی کا الزام تھوپا گیا، اور انہی کے کچھ لوگوں نے گواہی بھی دی۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے اس صورت حال میں ولید رضی اللہ عنہ پر حد جاری کر کے انہیں معزول کر دیا۔[7] اور طبری نے اس کو قدرے تفصیل سے بیان کیا ہے کہ ابو زینب، ابو مورع اور جندب بن زہیر کے بیٹوں نے علی ابن حیسمان کے گھر میں نقب زنی کی اور اسے قتل کر دیا۔ ولید رضی اللہ عنہ نے ان پر قصاص کا قانون جاری کیا جس کی وجہ سے یہ حضرات اپنے بیٹوں کی محبت میں ولید رضی اللہ عنہ سے ناراض ہو گئے، اور آپ کے خلاف سازش کا عہد کر لیا، اور آپ کی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھنے لگے، چنانچہ آپ کے یہاں ابو زبید شاعر آیا جو بنو تغلب سے تھا
Flag Counter