Maktaba Wahhabi

443 - 534
اتصال کیا اور سب کے سب مسجد میں جمع ہو گئے۔ اشتر نخعی مسجد میں آیا، لوگوں کو بھڑکایا، اور انقلاب اور خروج پر ان کو برانگیختہ کیا اور ان سے کہا: میں خلیفہ عثمان کے پاس سے آرہا ہوں، وہاں ان کے پاس سعید بن العاص تھے، ان دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمہارے عطیہ میں کمی کر دی جائے، اب دو سو درہم کے بجائے سو درہم ملیں گے۔ یہ صریح جھوٹ اشتر نے اپنی طرف سے گھڑا، حالاں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ در اصل یہ عوام الناس کو بھڑکانے کے لیے افتراء و اکاذیب کو پھیلانے کی سبائی چال تھی۔ بہرحال اپنی باتوں سے اشتر نے مسجد میں لوگوں کو بے وقوف بنایا، رذیلوں اور فسادیوں پر اثر انداز ہوا، اور انہیں برانگیختہ کیا۔ مسجد میں شور برپا ہوا۔ ابو موسیٰ اشعری، عبداللہ بن مسعود، قعقاع بن عمرو رضی اللہ عنہم جیسے عقلاء، اشراف اور صالحین و اتقیاء اس سلسلہ میں اس سے بات کرنے لگے اور اس کو سمجھانا چاہا لیکن اشتر نے کسی کی بات نہ مانی۔[1] یزید بن قیس نے ان فسادیوں کے درمیان مسجد میں اور مسجد سے باہر چیخنا شروع کیا اور کہا: میں مدینہ کے راستہ پر نکلتا ہوں تاکہ سعید بن العاص کو کوفہ میں داخل ہونے سے روک دوں، تو جس کو نکلنا ہے وہ میرے ساتھ سعید کو کوفہ میں داخلے سے روکنے کے لیے نکلے۔ سبائیوں اور فسادیوں نے اس پر لبیک کہا، اور تقریباً ایک ہزار لوگ اس کے ساتھ نکلے۔[2] قعقاع بن عمروتمیمی رضی اللہ عنہ فساد کے قائدین کو قتل کرنے کی رائے دیتے ہیں: جب سبائی اور فسادی لوگ فتنہ و فساد، تمرد و عصیان اور شور و ہنگامہ کرتے ہوئے مسجد سے نکل گئے اور مسجد میں بردبار و شریف اور شرف و منزلت کے حاملین رہ گئے تو نائب والی عمرو بن حریث منبر پر تشریف لائے، اور خطاب کیا، اور مسلمانوں سے اخوت و وحدت کی اپیل کی، اور اختلاف و تفرق اور فتنہ و خروج سے منع کیا اور سرکشوں، فسادیوں اور خروج کرنے والوں کی بات نہ ماننے کی دعوت دی۔[3] اس موقع پر قعقاع بن عمروتمیمی رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا آپ سیلاب کے چڑھاؤ کو روکنا چاہتے ہیں، اگر یہ ارادہ ہے تو فرات کو اس کے رخ سے موڑ دو، ایسا ہو نہیں سکتا۔ اللہ کی قسم! اس ہنگامہ و فساد کو صرف تلوار ٹھنڈا کر سکتی ہے۔ قریب ہے کہ تلواریں میان سے نکالی جائیں ، پھر یہ سب بکری کے بچوں کی طرح چلائیں گے اور جس نعمت میں ہیں اس کی تمنا کریں گے لیکن وہ کبھی واپس نہ آئے گی، صبر کیجیے۔ عمرو بن حریث نے کہا: میں صبر کرتا ہوں، اور پھر وہ اپنے گھر چلے گئے۔[4]
Flag Counter