Maktaba Wahhabi

331 - 335
شعبہ تحفیظ القرآن و التجوید: اس شعبے میں تجوید کے ساتھ حفظ و ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس شعبے میں باقاعدہ عصری تعلیم انگلش، حساب اور اردو کے مضامین کو شامل کیا گیا ہے، جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں ۔ شعبہ علومِ عصریہ: جامعہ میں داخلے کے لیے ناظرہ قرآن اور مڈل کلاس یا کم از کم پرائمری پاس شرط ہے۔ دینی مدارس میں داخل ہونے والے بعض طلبا پسماندہ علاقوں سے آتے ہیں ، جہاں بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں ہوتیں ، چہ جائیکہ تعلیم میسر آئے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے علاحدہ اساتذہ مقرر کر کے عصری تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ جو طلبہ میٹرک یا انٹر یا ڈگری کے امتحان میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ، جامعہ کی طرف سے ان کو مالی سپورٹ مہیا کی جاتی ہے۔ چوں کہ جامعہ کا وفاق المدارس السلفیہ سے بھی الحاق ہے، اس لیے طلبا کو اردو، انگلش، مطالعہ پاکستان، جنرل سائنس جیسے دیگر مضامین کا بھی امتحان دینا پڑتا ہے، جس کی بنا پر ان مضامین کو بھی نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔ شعبہ مدرسۃ البنات: بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مدرسۃ البنات کا بھی اہتمام ہے، جس میں معلّمات حفظ و ناظرہ اور ترجمۃ القرآن الکریم کی تعلیم دیتی ہیں ۔ مدرسۃ البنات میں زیرِ تعلیم تمام طالبات مقامی ہیں ، جو اپنے گھروں سے پڑھنے آتی ہیں اور پڑھ کر چلی جاتی ہیں ، کیوں کہ جامعہ میں طالبات کی رہایش کا انتظام نہیں ہے۔
Flag Counter