Maktaba Wahhabi

49 - 335
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحيم آغاز کتاب مدرسہ دار الحدیث رحمانیہ دہلی (۱۹۲۱-۱۹۴۷ء) جماعت اہلِ حدیث کا ایک مشہور، معتبر اور مضبوط ادارہ تھا، جو اپنی معیاری تعلیم و تربیت کے لیے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ یہ ادارہ اپنی زمین، عمارت اور جملہ اخراجات کے اعتبار سے شخصی تھا، اس کے بانی و مہتمم حضرات نے اس مدرسے کے قیام سے ایک تاریخ رقم کی تھی۔ انھوں نے علم دوستی، علما نوازی اور علمِ دین کی خدمت کے ایسے نمونے چھوڑے ہیں ، جو آنے والی نسلوں کے لیے سراپا درسِ عبرت ہیں ۔ اس کتاب میں مدرسے کا جو تعارف کرایا گیا ہے اور جو معلومات پیش کی گئی ہیں ، وہ مستند تاریخی حوالوں اور معتبر قلم کاروں کی رہینِ منت ہیں ۔ ہمارا کام بحث و جستجو، تحقیق وتنقیح، جمع و ترتیب اور استنتاج تک محدود ہے۔ چونکہ یہ مدرسہ خالص شخصی تھا اور عوامی چندے کے بجائے بانیان کی جیب خاص سے اس کے سارے اخراجات از اول تا آخر پورے ہوتے رہے، اس لیے مدرسے کی مفصل تاریخ پیش کرنے سے قبل بانیانِ مدرسہ کا تعارف اور ان کے کچھ احوال کا تذکرہ کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے کہ اس عظیم الشان تاریخی ادارے کی کامیابی اور ناموری کے پیچھے اس کے منتظمین کے خلوص اور ایثار و قربانی کا کس قدر حصہ رہاہے۔
Flag Counter