Maktaba Wahhabi

290 - 346
پچیسواں باب چودھری عبدالواحد گوندل کے تین مکتوباتِ گرامی اگست 1949ء میں ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ گوجراں والا سے مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ کی ادارت میں شائع ہونا شروع ہوا تھا اور میں وہاں اخبار کے معاون مدیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتا تھا۔1952ء کے آخر تک یہ گوجراں والا سے شائع ہوتا رہا۔پھر اخبار لاہور منتقل ہو گیا تھا۔گوجراں والا کے اس تین سالہ دورِ قیام میں وہاں کے بہت سے حضرات سے تعلقات پیدا ہوئے، نہایت افسوس ہے ان میں سے بے شمار دوست وفات پا گئے ہیں، جو بہت یاد آتے ہیں، اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔اس دور کو گزرے ہوئے 62/63 سال کا طویل عرصہ بیت چکا ہے۔اس دور کے جو دوست زندہ ہیں(اللہ ان کی زندگی دراز کرے)وہ ہیں:چودھری عبدالواحد گوندل، جناب عبدالرحیم میر، جناب محمد امین کھوکھر، جناب ضیاء اللہ کھوکھر اور جناب خواجہ محمد یوسف۔اب ہم سب عمر کی اس منزل میں داخل ہو گئے ہیں کہ ایک دوسرے سے ملاقات کرنا مشکل ہو گیا ہے۔چودھری عبدالواحد گوندل اس عہدِ قدیم میں حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی کا خطبہ جمعہ قلم بند کر کے اس فقیر کے حوالے کیا کرتے تھے جو ہر ہفتے ’’الاعتصام‘‘ میں شائع کیا جاتا تھا۔ایک عرصے تک مرحوم خواجہ محمد قاسم بھی حضرت مولانا سلفی کا خطبہ جمعہ مرتب کرتے رہے۔مولانا کے یہ خطبات ان کی وفات کے کئی سال بعد ’’خطباتِ سلفیہ‘‘ کے نام سے نعمانی کتب خانہ(اردو بازار لاہور)نے کتابی صورت میں شائع کر دیے تھے۔
Flag Counter