Maktaba Wahhabi

78 - 253
سیرت کے تقاضوں کا مفہوم لفظ ’’تقاضا‘‘ عربی کے مادہ (ق ض ی) سے ماخوذ ہے جس کے معنی حاجت، ضرورت، مطالبہ اور چاہت کے ہیں اور اصطلاح میں اس سے مراد ایک چیز کا کسی دوسری چیز کی ضرورت محسوس کرنا، اس کی حاجت واضح کرنا اور حاصل کرنے اور پورا کرنے کا مطالبہ کرنا اور ہر لحاظ سے اس کے لزوم کو سراہنا اور چاہنا ہے۔ سیرت ابراہیم علیہ السلام کے تقاضوں سے مراد آپ علیہ السلام کی سیرت کو اپنانے کی ضرورت اور ملت حنیفیہ کو عملی جامہ پہنانے کی حاجت ہے جس کا مطالبہ آپ علیہ السلام کی سیرت طیبہ کا ہر پہلو کرتا ہے اور اس دین حنیف کے عقائد و احکام کی لازمی طور پر ترویج کرنا چاہتا ہے۔ لہٰذا یہاں ہم سیرت ابراہیم علیہ السلام پر مشتمل آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے دین حنیف کے چند بنیادی اصولوں (عقائد و ایمان) اور احکام و مسائل (تعمیر انسانیت) کی وضاحت کرتے ہیں تاکہ آپ علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے حسین و جمیل تقاضوں کو سمجھیں اور میزانِ عمل سے گزار کر اپنی دنیا و آخرت کو کامیاب بنا سکیں اور (فَاتَّبِعُوا مِلَّةَ إِبْرَاهِيمَ حَنِيفًا) کے مصداق ٹھہریں۔ ((اللَّهمَّ أحسِنْ عاقبتَنا في الأمورِ كلِّها، وأجِرْنا من خِزيِ الدُّنيا وعذابِ الآخرةِ))
Flag Counter