Maktaba Wahhabi

402 - 402
لقب اہلِ حدیث ۔۔۔ایک علمی و فکری شہ پارہ عزیزم رانا محمد شفیق خاں پسروری ہمارے مرحوم دوست معروف عالمِ دین مولانا محمد رفیق خان پسروری رحمہ اللہ کے صاحب زادے ہیں۔مولانا محمد رفیق مسلکِ اہلِ حدیث کے بے باک مبلغ اور کامیاب مناظر تھے۔ان کا اصل وطن تو کرنال تھا،لیکن قیامِ پاکستان سے کئی سال قبل جنڈیالہ گرو ضلع امرتسر میں رہایش پذیر تھے۔پورے علاقے میں ان کے وعظ و بیان اور شعلہ نوائی کی شہرت تھی۔تحریکِ پاکستان کے زمانے میں ان کی جراَت اور مجاہدانہ کردار کا سکھوں پر بڑا رعب تھا۔فسادات پھوٹنے پر تو وہ سکھوں کے نشانے پر تھے۔جب بلؤوں کی نوبت آئی تو مولانا علیہ الرحمہ کا ایک بازو کٹ گیا۔رخسار پر بھی کرپان کے وار کا گہرا نشان پڑ گیا تھا۔ ان اندوہناک واقعات کا تذکرہ فیصل آباد میں جنڈیالہ گرو سے آئے ہوئے احباب صوفی احمد دین اور حاجی فیروز دین (والد مرحوم پروفیسر ایس ایم شریف) اکثر کیا کرتے تھے۔برسوں پیشتر شبان اہلِ حدیث کی کانفرنسوں اور تبلیغی جلسوں میں ہم انھیں مدعو کرتے،وہ اردو زبان میں انتہائی سلیس الفاظ میں قرآن و سنت کے دلائل سے تقریر کو مزین کرتے۔مسلکِ اہلِ حدیث کی صداقت کچھ ایسے جوش و جذبے اور عام فہم اسلوب سے بیان فرماتے کہ ہر جملہ دل و دماغ میں اترتا چلا جاتا۔ملک بھر میں ان کی خطابت اور تقریروں کا سلسلہ روز مرہ تھا۔بریلویوں اور دیوبندیوں سے مختلف فیہ مسائل پر بہت سے مناظرے بھی کرتے رہے۔
Flag Counter