Maktaba Wahhabi

172 - 924
مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی جسمانی، روحانی اور قلمی خوراک تحریر: جناب ڈاکٹر عبدالغفور راشد۔ لاہور زندہ رہنے کے لیے ہر انسان کو خوراک کی لازمی ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ اس کے بغیر زندگی کی گاڑی کا پہیہ چلنا مشکل ہی نہیں ، بلکہ ناممکن ہے۔ چنانچہ ہر انسان حسبِ توفیق، حسبِ ضرورت یا پھر حسبِ موقع سادہ یا پر تکلف، کم یا زیادہ خوراک استعمال کرتا ہے، جس سے اس کے بدن کو توانائی دستیاب ہوتی ہے اور پھر اس کا جیون اپنا سفر جاری رکھتا ہے، اس کے ساتھ ہی انسان کو اپنی روح کے لیے بھی خوراک درکار ہوتی ہے، جسے وہ اپنی تربیت اور ماحول کے مطابق اختیار کر لیتا ہے۔ اگر اس کی تربیت دینی بنیادوں پر ہوئی اور پھر اسے ماحول بھی مناسب میسر آگیا تو یقینا اس کی روحانی خوراک اللہ کا ذکر اور اس کی بارگاہ میں رکوع و سجود ہی ہوگی، اور اگر بدقسمتی سے تربیت و ماحول اس کے برعکس ملا تو پھر موسیقی کو اپنی روح کی غذا اور رقص و سرود کی محفلوں ہی کو اپنی زندگی سمجھے گا۔ اور بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگ دنیوی مشاغل ہی کو اپنی زندگی کا مقصد سمجھ لیتے ہیں ، پھر اس جستجو میں جیون بھر سرگرداں رہتے ہیں اور انھیں اسی حالت میں خالقِ حقیقی کی طرف سے بلاوا آ جاتا ہے اور انھیں اپنی اصلاح و فلاح کا کوئی موقع نہیں ملتا۔ اس لحاظ سے ہمارے ممدوح و مخدوم مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ بڑے بلند اور خوش قسمت ترین انسان تھے، ان کی زندگی کے معمولات و ماکولات، بچپن سے لے کر بڑھاپے تک، بلکہ آخری دم تک نہایت شاندار تھے، ان کی خوراک تین قسم کی تھی، بدنی، روحانی اور قلمی۔ ذیل کی سطور میں مرحوم و مغفور کی تینوں غذاؤں سے متعلق چند گزارشات اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہیں ۔ 1۔ جسمانی خوراک: مولانا محمد اسحاق بھٹی مرحوم کو زندگی میں جس طرح لباس کے معاملے میں بالکل سادہ دیکھا گیا، اسی طرح انھیں خوراک کے معاملے میں بھی سادہ ہی پایا گیا، وہ قطعی طور پر بسیار خور اور خوش خوراک نہیں تھے، بلکہ جو بھی رزقِ حلال آیا، اسے اللہ کا نام لے کر کھا لیا اور پھر مسنون طریقے سے اللہ کا شکر ادا کیا۔ زندگی میں کئی بار ان کے ساتھ کھانے کا موقع ملا، اکٹھے سفر بھی کیا اور انھوں نے مہمان نوازی کی سعادت بھی بخشی، مگر کبھی کسی خاص اور سپیشل کھانے کی خواہش نہیں کی اور نہ کبھی کھانے میں کوئی نقص نکالا۔ ہمیں یاد رہنا چاہیے کہ ہمارے پیارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کبھی کھانے
Flag Counter