Maktaba Wahhabi

197 - 924
مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کی مجسم تاریخ! تحریر: جناب مولانا محمدیوسف انور۔ فیصل آباد اواخر مارچ ۱۹۵۵ء میں ان سطور کے راقم نے میٹرک کا امتحان دیا۔ اوائل اپریل میں دھوبی گھاٹ فیصل آباد کے میدان میں مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کی تیسری سالانہ کانفرنس حضرت مولانا محمد اسماعیل غزنوی رحمہ اللہ کی صدارت میں منعقد ہو رہی تھی۔ امتحانات کے بعد یہ چھٹیوں کے دن تھے۔ کانفرنس کے انتظامات میں حکیم نور دین رحمہ اللہ صدر انجمن اہلِ حدیث کی راہنمائی میں مولانا محمد صدیق، مولانا عبیداللہ احرار، مولانا محمد اسحاق چیمہ، مولانا محمد یعقوب(شافی دوا خانہ والے)، حاجی فیروز دین، حاجی عبدالکریم مسافر، حاجی محمد شریف، مولانا اللہ بخش کمیر پوری امیر ضلعی جمعیت، صوفی احسان الحق سیکرٹری جنرل انجمن اہلِ حدیث، میاں محمد ادریس انصاری وائس چیئرمین بلدیہ اور میرے والد عبدالرحمن پٹواری رحمہم اللہ پیش پیش تھے۔ مختلف شعبوں کی انتظامی ترتیب کچھ اس طرح تھی، مہمان علمائے کرام کا قیام و طعام مین گیٹ جناح کالونی کی پہلی کوٹھی(النور جیولرز، ریل بازار)حاجی نور محمد کی رہایش گاہ پر تھا، جن کی میزبانی مولانا محمد اسحاق چیمہ، مولانا عبدالقادر ندوی، مولانا عبدالواحد(امام مرکزی جامع مسجد اہلِ حدیث امین پور بازار)اور صوفی احسان الحق رحمہ اللہ کے سپرد تھی۔ ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین اور مہمانانِ خاص، ضلعی امرا و ناظمین اور جمعیتوں کے وفود کے قیام و طعام کے لیے اسٹیج کی پچھلی جانب گرلز سکول میں انتظام کیا گیا تھا۔ انتظامی کمیٹی میں میرے والد صاحب رحمہ اللہ کے ہمراہ ڈاکٹر محمد یعقوب رحمہ اللہ(والد حافظ محمد ایوب)، حاجی شیخ عنایت اللہ رحمہ اللہ چمڑے والے، حاجی عبدالکریم مسافر اور حاجی فیروز دین رحمہ اللہ شامل تھے۔ استقبالیہ کے دفتر میں میاں حبیب اللہ، ماسٹر فتح محمد کے ساتھ نوجوانوں کی ڈیوٹیاں تھیں ، جو باہر سے آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے اور انھیں مناسب قیام گاہوں میں لے جاتے۔ اسٹیج اور پنڈال کمیٹی میں مولانا عبیداللہ احرار رحمہ اللہ کی سربراہی میں صوفی احمد دین رحمہ اللہ ، حاجی بشیر احمد، محمد سعید بٹ اور حاجی محمد شریف کے اسمائے گرامی یاد پڑتے ہیں ۔ جن کی معاونت کے لیے چوہدری عبدالخالق چیمہ رحمہ اللہ(اچھا دواخانہ والے)، مولانا محمد صادق خلیل رحمہ اللہ اور جمعیت طلبہ کے کارکنان خصوصاً حافظ عزیزالرحمن رینالہ خورد، قاضی محمد اسلم سیف رحمہ اللہ اور چوہدری عبدالرحمن کمیرپوری رحمہ اللہ وغیرہم تھے۔
Flag Counter