Maktaba Wahhabi

409 - 924
مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ’’بہ حیثیت مترجم ریاض الصالحین‘‘ تحریر: جناب پروفیسر ابو حمزہ سعید مجتبیٰ السعیدی ؔ(فاضل مدینہ یونیورسٹی) امام نووی رحمہ اللہ: امام موصوف ایک بلند پایہ علمی شخصیت اور علم و فضل کے اعلیٰ درجے پر فائز تھے۔ اہلِ علم نے آپ کو ’’الحافظ‘‘، ’’شیخ الاسلام‘‘ اور ’’محی الدین‘‘ جیسے عظیم القابات سے موصوف کیا ہے۔ آپ کی کنیت ’’ابو زکریا‘‘ اور پورا نام یحییٰ بن شرف بن مری بن حسن بن حسین بن محمد بن جمعہ بن حزام ہے۔ آپ کی ولادت جس بستی میں ہوئی، اس کا نام ’’نوی‘‘ ہے۔ اس کی طرف انتساب کی وجہ سے آپ کو ’’نووی‘‘ یا ’’نواوی‘‘ کہا جاتا ہے۔ آپ علمی دنیا میں اسی نسبت سے زیادہ معروف ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے آپ نے حدیث کی مشہور کتاب ’’صحیح مسلم‘‘ کی ایک مبسوط شرح مرتب فرمائی، جس کا نام ’’المنہاج في شرح صحیح مسلم بن الحجاج‘‘ ہے۔ ’’شروح صحیح مسلم‘‘ میں آپ کی اس شرح کو جو قبولِ عام نصیب ہوا، وہ کسی دوسری شرح کے حصے میں نہیں آیا۔ دنیا بھر میں صحیح مسلم کی متداول، معروف اور عام دستیاب ہونے والی شرح آپ ہی کی ہے۔ صحیح مسلم کے اکثر نسخے اسی شرح سے مزیّن ہیں ۔ ذلک فضل اللّٰہ یؤتیہ من یشاء۔ آپ بلاشبہہ یگانۂ روزگار محدث اور بلند پایہ فقیہ تھے۔ ریاض الصالحین: امام موصوف رحمہ اللہ نے بہت سی کتابیں تصنیف فرمائیں ، جن میں سے ایک کتاب ’’ریاض الصالحین‘‘ بھی ہے۔ یہ نہایت عمدہ اور مفید کتاب ہے۔ آپ نے اپنی اس کتاب کو اس قدر عرق ریزی کے ساتھ مرتّب فرمایا ہے کہ اس میں انسانی زندگی کے تمام شعبہ جات کے لیے قرآن و سنت سے راہ نمائی اور شرعی ہدایات پیش کی گئی ہیں ۔ اس کتاب میں ۳۷۲ عنوانات یعنی ابواب کے تحت ۱۸۹۸ احادیث جمع فرمائی ہیں ۔ اس میں آپ کا انداز یہ رہا ہے کہ ہر باب کے آغاز میں متعلقہ عنوان سے تعلق رکھنے والی آیات اور بعد ازاں اسی موضوع سے متعلقہ احادیث خاص ترتیب سے ذکر فرمائی ہیں ، اس طرح اس کتاب کو قرآن و حدیث کے دل نواز مرقّع اور روح پرور مجموعے کی حیثیت حاصل ہے۔ تعمیرِ اخلاق اور اصلاحِ کردار کے سلسلے میں اہلِ دل علما شروع سے
Flag Counter