Maktaba Wahhabi

410 - 924
اس کتاب کے مطالعے کی سفارش اور اس سے استفادے کی ترغیب دلاتے آئے ہیں ۔ یہ ایک ایسا جامع ضابطۂ حیات ہے کہ جس کے مندرجات کی روشنی میں انسان اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کر کے اللہ رب العالمین کا محبوب اور پسندیدہ بندہ بن سکتا ہے۔ یہ تعلیماتِ اسلامیہ کا ایسا حسین و جمیل مرقّع ہے، جس میں حسنِ اخلاق کی خوشبو بھی ہے اور حسنِ تعامل کی مہک بھی، شب و روز کے معمولات کی راہنمائی بھی ہے اور حسنِ معاشرت کے زرّیں اصول و ضوابط بھی۔ یعنی کتاب کا اصل موضوع انسانیت کی اصلاح و تربیت اور اخلاقی راہنمائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کتاب کو دینی کتب میں امتیازی حیثیت حاصل ہے۔ کبار اہلِ علم اس سے استفادہ کرتے ہوئے درسِ قرآن و سنت ارشاد فرماتے اور خطبائے عظام خطبے اور وعظ ارشاد فرماتے ہیں ۔ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ اور ریاض الصالحین: امام نووی رحمہ اللہ کی تالیف کردہ دیگر کتب کی طرح ’’ریاض الصالحین‘‘ کو اس قدر مقبولیت ملی ہے کہ اس کے زمانۂ تالیف سے لے کر آج تک عوام و خواص برابر اس سے مستفید ہو رہے ہیں اور اس کی اہمیت و جامعیت کی بنا پر عربی زبان میں اس کی بہت سی شروح اور اُردو میں بھی اس کے متعدد تراجم کیے گئے ہیں ۔ ان میں سے ایک ترجمہ ہمارے ممدوح مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کا بھی ہے۔ اس ترجمے کی عمدگی، ثقاہت اور سلاست کے لیے بھٹی صاحب رحمہ اللہ کا نام ہی کافی ہے۔ آں محترم دین کے بہت بڑے عالم تھے۔ آپ نے اپنے دور کے کبار اور جہاں دیدہ اہلِ علم کے سامنے زانوئے شاگردی تہہ کر کے اسلامی تعلیمات اور متعلقہ فنون کی علمی میراث سے اپنے کشکول کو لبالب بھرا۔ کسی بھی تحریر کو ایک زبان سے دوسری زبان میں منتقل کرنے کے لیے بنیادی لازمہ ہے کہ مترجم کو دونوں زبانوں پر مکمل عبور ہو اور وہ ان کی باریکیوں اور لطافت سے پوری طرح آگاہ ہو۔ بھٹی صاحب رحمہ اللہ میں یہ تمام خوبیاں اللہ کے فضل سے بدرجۂ اتم پائی جاتی تھیں ۔ آپ دینی علوم و فنون سے مالا مال، عربی زبان و ادب کے ماہر اور اردو کی فصاحت وبلاغت کے شناور تھے۔آپ بے ساختہ و بے تکان مسلسل ترجمہ کرتے چلے جاتے، زیادہ مشکل اور نامانوس الفاظ سے کلام کو ثقیل نہ کرتے۔ (1)۔ آپ نے ترجمے میں یہ التزام کیا ہے کہ کتاب کے ہر صفحے کو دوکالموں میں تقسیم کر کے ایک کالم میں عربی عبارت اور اس کے بالمقابل دوسرے کالم میں اس کا اردو ترجمہ پیش کیا ہے۔ (2)۔ طباعت کے جدید انداز کی رعایت سے احادیث کی ترقیم(نمبرنگ)کی گئی ہے۔ (3)۔ پوری کتاب میں جابجا ’’تشریح‘‘ کے زیرِ عنوان احادیث سے مستنبط ہونے والے مسائل و احکام مختصر اور جامع انداز سے ذکر فرمائے ہیں ۔
Flag Counter