Maktaba Wahhabi

565 - 924
کی وفات کے افسوس میں مَیں نے اپنے دُکھ بیان کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ اس پر معذرت خواہ ہوں ۔ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے تمام اعزہ کو جناب محمد دین سلفی کی وفات پر صبرِ جمیل کی توفیق عطا فرمائے اور آخر میں صبر ہی کرنا پڑتا ہے۔ ﴿إِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصَّابِرِينَ﴾۔ اﷲ تعالیٰ نے ان شاء اللہ مرحوم کی مغفرت فرما دی ہے۔ اگر ہو سکے تو مرحوم کے تمام متعلقین سے میری طرف سے سلام کے بعد تعز یت کیجیے۔ دعا ہے اﷲ تعالیٰ ہم سب کا حافظ و نا صر ہو۔ آمین۔ شریک غم محمد اسحاق بھٹی ۲۹؍ جون ۲۰۱۴ء 3۔پروفیسر ابو حمزہ سعید مجتبیٰ سعیدی(بھکر)کے نام: ’’برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن‘‘ حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی معروف کتاب ہے۔ اس میں انھوں نے مکتوب الیہ پروفیسر ابو حمزہ صاحب کا تعارف لکھا اور ان کی قرآنی خدمت کا تذکرہ کیا۔ مکتوب الیہ نے انھیں شکریہ کا خط لکھا تو اس کے جواب میں حضرت نے جو خط روانہ کیا، وہ بہت دلچسپ اور منفرد ہے۔ دیکھئے: بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم عزیز القدر پروفیسر سعید مجتبیٰ سعیدی! السلام علیکم و رحمۃ اﷲ و برکاتہ۔ مکتوب گرامی ملا، بہت بہت شکریہ۔ کمپوزنگ(یا پروف ریڈ نگ کی)غلطی سے صرف ایک جگہ آپ کو ’’سید‘‘ لکھا گیا ہے، یعنی آلِ رسول بنا دیا گیا ہے۔ لیکن میرے بعض مہربان میرے نام پر نہایت باقاعدگی سے ’’ٹکا کر‘‘ ’’السیّد‘‘ کا لفظ لکھتے ہیں اور آگے ’’بھٹی‘‘ بھی تحریر فرماتے ہیں ، یعنی میں دنیا کا واحد آدمی ہوں جو ان حضرات کے نزدیک سید بھی ہوں اور بھٹی بھی ہوں ۔ رہی یہ بات کہ قرآنِ مجید کی ایک خدمت جو آپ نے نہیں کی، آپ کی طرف منسوب ہو گئی ہے تو یہ کوئی بھی بری بات نہیں ہے۔ اچھا کام ہی آپ کی طرف منسوب ہوا ہے، غلط کام تو نہیں ہوا۔ اس سلسلے میں آپ نے جو معلومات ارسال کی تھیں ، انہی کو سمجھنے میں کوئی مجھے غلط فہمی یا خوش فہمی ہوئی ہے، بہر حال جو ’’فہمی‘‘ بھی ہوئی ہے، وہ خیر کا پہلو لیے ہوئے ہے۔ الحمد للہ کہ اس میں برائی کا کوئی عنصر شامل نہیں ہے۔ آپ کی طرف تو میں نے کسی ’’فہمی‘‘ کی بنا پر یہ کام منسوب کیا ہے، یہاں ایسے اہلِ حدیث حضرات بھی ہیں ، جو دوسروں کا پورا مضمون اپنی طرف منسوب فرما لیتے ہیں اور دھڑلے سے اس پر اپنا نام لکھتے ہیں اور اپنی جماعت کے اخباروں میں چھپواتے ہیں ۔ اس کی تفصیل کی طرف کبھی پھر اشارہ کروں گا۔ ان شاء اللّٰہ۔
Flag Counter