Maktaba Wahhabi

628 - 924
کانام بھی نانا رحمہ اللہ کے نام پر محمد اسحاق بھٹی ہے۔ بہاول نگر شہر میں رہایش رکھتے ہیں ۔ برادر موصوف بہت قابل، محنتی اور دلکش شخصیت کے مالک ۲۶؍ سالہ نوجوان ہیں ۔ والدین نے بڑی چاہت سے دینی تعلیم و تربیت کے علاوہ عصری تعلیم کا بھی اہتمام کیا۔ انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے بائیو کیمسٹری اور بائیو ٹیکنالوجی میں بی ایس کیا اور پھر آگے اسی موضوع پر ایم فل بھی کر لیا ہے۔ آپ کو حصولِ تعلیم سے بہت لگن ہے۔ سلسلہ تعلیم کے ساتھ ہی انھیں تحریر و تالیف سے بھی طبعی طور پر مناسبت ہے۔ اپنے جلیل القدر نانا جی رحمہ اللہ کے حوالے سے ان کے رشحاتِ قلم ایمان افروز اور خوبصورت نتائج کے حامل ہیں ، جسے پڑھ کر روحانی تعمیر اور علمی بیداری کی روح پیدا ہوجاتی ہے۔ محمد نعمان اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ انھیں بچپن سے جوانی تک مولانا بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی شفقتیں اور محبتیں میسر آئیں ۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں اضافہ فر مائے کہ وہ جہاں اپنے والدین کی آنکھوں کا نور اور دل کا سرور بنے رہیں ، وہیں اپنے نانا جی رحمہ اللہ کے بھی صحیح معنوں میں جانشین ثابت ہوں ۔ آمین 4۔حافظ معوذالرحمان منصورپوری: آپ مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ کے بھانجے ہیں ۔ آبائی علاقے چک ۵۳ گ، ب منصورپور ڈھیسیاں جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کے رہایشی ہیں ۔ آپ کے والد محترم محمد بشیر بھٹی کا کئی برس پہلے انتقال ہو گیا ہے۔(اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ۔آمین)مولانا بھٹی صاحب رحمہ اللہ کے متعلق ان کا مضمون پڑھ کر مجھے اندازہ ہوا کہ موصوف تیس سال کے نوجوان ہی ہوں گے، لیکن اب پتا چلا ہے کہ آپ کی عمر صرف سولہ(۱۶)برس ہے۔نہایت خوشی ہوئی کہ اس نو عمری ہی میں لکھنے پڑھنے کے سلسلے سے منسلک ہو گئے۔ یہ سب مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی علمی شخصیت کی محبت اور فیض کا اثر ہے۔ حافظ صاحب عالم اسلام کی مشہور درسگاہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں دینی تعلیم کے حصول میں مشغول ہیں ۔ اس نوجوان کی ذہانت اور چمکتی پیشانی اس کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ ان شاء اللہ۔ ہمیں ان سے خدمت دین کے حوالے سے بہت سی اُمیدیں وابستہ ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کے شوقِ تعلیم اور علم کی لگن میں اضافہ فرمائے۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں اپنے نیک اطوار بزرگوں کے نقش قدم پر چلاتے ہوئے ایک کامیاب عالمِ دین، لائق ترین مبلغ اور قابل مصنف بنائے۔ انھیں بدنظروں کی بدنظری سے بھی محفوظ رکھے۔ آمین 5۔محترمہ سمیہ زیرک: آپ حضرت مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی چھوٹی صاحبزادی ہیں ۔ ان کے شوہر گرامی قدر کا نام بھی محمد اسحاق بھٹی حفظہ اللہ ہے، جو اپنے سسر محترم مرحوم کے نہایت ہی خدمت گزار اور قدردان ہیں ۔ مولانا رحمہ اللہ نے اپنی بیٹی کو بہت نازونعم سے پالا۔ انھوں نے جس محنت، خلوص اور سرفروشانہ جدوجہد سے ان کی دینی و فکری تربیت و راہنمائی میں پرخلوص کردار ادا کیا، وہ یقینا ناقابلِ فراموش ہے۔ اس سے ان کے نظریۂ احساسِ جمالِ حیات کو تقویت ملتی ہے۔
Flag Counter