Maktaba Wahhabi

784 - 924
22۔پروفیسر مولا بخش محمدی سندھ کی دھرتی نے اپنی آغوش میں جن اصحاب الحدیث اہلِ علم کو جنم دیا، ان میں پروفیسر مولا بخش محمدی حفظہ اللہ کا اسمِ گرامی بھی شامل ہے۔ آپ فاضل درسِ نظامی ہونے کے ناتے ایک ثقہ عالمِ دین ہیں ۔ آپ کے نامور اساتذہ میں علامہ سید محب اللہ شاہ راشدی رحمہ اللہ ، مولانا یار محمد بلوچ، مولانا عبدالخالق نہڑیو، مولانا عبدالحمید المری کے نام آتے ہیں ۔ پروفیسر صاحب اردو، عربی، فارسی علوم و فنون پرماہرانہ دسترس رکھتے ہیں ۔ ادیب سندھی، ایم اے اسلامیات اور علومِ شرقیہ کے بھی فاضل ہیں ۔ کچھ عرصہ مدرسہ مظہرالعلوم میں تدریس کرتے رہے۔ پھر قسمت نے ان پر مہربانی کی اور گورنمنٹ کالج مٹھی(تھرپارکر)میں بحیثیت لیکچرار پوسٹنگ ہوگئی۔ اب اسی کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہیں ۔ شعبہ اسلامیات اور شعبہ السنہ شرقیہ کے نگران بھی ہیں ۔ موصوف ایک زیرک، دانشور اور علم و ادب کے سُخن سے مالا مال ہیں ۔ تصنیف و تالیف سے خاصا تعلق ہے۔ آپ اردو، فارسی اور سندھی تینوں زبانوں میں لکھنے کا برابر ملکہ رکھتے ہیں ۔ ان کی ایک کتاب ’’اسلام چھا آہی‘‘ شائع ہو چکی ہے۔ سندھی مشاہیر و دیگر عنوانات پر ان کے پرمغز مقالات معروف جرائد ’’ہلالِ پاکستان‘‘، ’’دعوتِ اہلِ حدیث‘‘ ، ’’محدث‘‘ وغیرہ کے صفحات کی زینت بنتے رہتے ہیں ۔ آپ سندھ کے مشہور جریدہ ’’دعوتِ اہلِ حدیث‘‘ کی مجلسِ ادارت میں شامل ہیں ۔ ’’تبصرہ کتب‘‘ بھی ان کا ایک مستقل موضوع ہے۔ تاریخ و رجال پر بھی کیا خوب لکھتے ہیں ۔ ان کی تحریر علم و ادب کا ایک خوبصورت مرقع ہوتی ہے۔ اردو زبان میں نہایت شگفتہ انداز میں وارداتِ قلبی اور دردِ دل سپردِ قلم کرتے ہیں ۔ پروفیسر صاحب کی تدریسی اور تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ تبلیغی خدمات بھی جاری ہیں ۔ آپ جامع مسجد اہلِ حدیث مٹھی میں خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہیں ۔ ان کے وعظ میں عجیب قسم کا سوز اور حریتِ فکر کا غلبہ پایا جاتا ہے۔ ہماری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی دینی خدمات کو قبول فرماتے ہوئے اس کی مزید توفیق بخشے۔ آمین 23۔پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد چنیوٹی شیخ الحدیث مولانا عبداﷲ محدث ویرووالوی(فیصل آباد)علمی دنیا میں کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ انھوں نے اپنے عظیم ادارے دار القرآن والحدیث کے ذریعے قرآن و حدیث کو دورِ حاضر کے ذہن اور عصری مسائل کے تناظر میں درس و تدریس کے سلسلے میں جو کارہائے نمایاں انجام دیے، انھیں فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ مکرم پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد چنیوٹی حفظہ اللہ انہی حضرت رحمہ اللہ کے تلمیذِ خاص اور داماد ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب ۱۹۶۱ء میں مکرم عبدالرحمن صاحب رحمہ اللہ کے گھر چنیوٹ کے محلہ لاہور گیٹ میں پیدا ہوئے۔ درسِ نظامی کی تعلیم کے لیے دار القرآن و الحدیث جناح کالونی فیصل آباد میں داخلہ لیا۔ شیخ الحدیث مولانا عبداﷲ محدث ویرووالوی، پروفیسر غلام احمد حریری اور مولانا محمد خان رحمہم اللہ
Flag Counter