Maktaba Wahhabi

830 - 924
خطے کی پسماندگی کو اُجاگر کرنے کے لیے انھوں نے شعر و ادب کو موضوع بنایا۔ اب تک آپ کی متعدد کتب شائع ہوچکی ہیں ، جن میں ان کی انگریزی کتاب پر سپشن آف گاڈ اینڈ یونیورس(اللہ کا ادراک اور کائنات)، سُخن فرید دا(خواجہ غلام فرید رحمہ اللہ کے حوالے سے تنقیدی مضامین)، سونا چاندی(سرائیکی نظمیں )، زمین آسمان(سرائیکی نثر)، آکھیا مبارک شاہ نے(معروف شاعر مبارک شاہ کے کلام کی تحقیق و تدوین)، ایہو ای سچ اے(بعض نظموں کا انگریزی میں ترجمہ)، فرام دی ستلج بنک(رمضان بابر کی سرائیکی نظموں کا انگریزی میں ترجمہ)، الحمدللّٰہ رب العالمین(نیاز کوکب کی اردو نظموں کا سرائیکی ترجمہ)۔ آپ کے نثری مضامین اور شاعری سے ملک و ملت کے متعلق دل نواز اور پرسوز حکمتوں سے آگاہی اور ملت کی گمشدہ سلطنت کی نشاندہی ہوتی ہے۔ موصوف اکثر علمی مجلسوں اور مشاعروں کی جان بنے ہوتے ہیں ۔ ہماری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت فرمائے اور ان کی قوم و ملت کے لیے لکھی گئیں نثری تحریروں اور شعری مجموعوں کو درخشاں کوکب کی طرح پُرفشاں کر دے۔ آمین 72۔الیاس فاروقی موجودہ دور میں معدودے چند افراد ایسے ہیں ، جو علاقائی زبانوں میں قرآن و حدیث کی دعوت کو منتقل کرنے کی سعی بلیغ میں مصروف ہیں ۔ ان میں ہمارے قلمکار دوست سرائیکی ادیب و دانشور جناب الیاس فاروقی کا کام بہت وقیع ہے۔ آپ سرائیکی زبان و ادب میں دعوتی لٹریچر تیار کر رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں وہ قرآنِ مجید کی بعض منتخب سورتوں کے اردو تراجم کو سرائیکی زبان میں ’’اللہ دی سنجان تے اوندا حق‘‘ کے عنوان سے مکمل کر رہے ہیں ۔ آپ کا وجود علم و ادب کے جوہریوں کے لیے کسی ادبی یونیورسٹی سے کم نہیں ۔ آپ کے نثر پارے سرائیکی تراکیب اور تشبیہات کا مرقع اور اچھوتے خیالات اور ارفع تخیلات کا طرہ امتیاز لیے ہوتے ہیں ۔ کتابوں پر سرائیکی زبان میں تبصرہ لکھنے میں کمال قدرت رکھتے ہیں ۔ الیاس فاروقی صاحب ایک راسخ الفکر ادیب ہیں ۔ آپ کی دینی تعلیم و تربیت آپ کے والد گرامی مولانا ابو الیاسین محمد حسین المحمدی السلفی رحمہ اللہ اور شیخ الحدیث علامہ مولانا عبدالرزاق فاروقی رحمہ اللہ کی راہنمائی میں مکمل ہوئی۔ آپ کے والد مکرم رحمہ اللہ اپنے دور کے نامور عالمِ دین تھے۔ انھوں نے دعوت و تبلیغ کے سلسلے میں سندھ کے مشہور شہر حیدر آباد، سکھر وغیرہ میں اپنی زندگی کے ۳۸ برس وا کر دیے۔ اللہ انھیں غریق رحمت کرے۔ آمین فاروقی صاحب ماشا اللہ تحریری ذوق سے خوب آشنا ہیں ۔ آپ بعض مقامی اخبارات و جرائد ہفت روزہ ’’یاور‘‘، ہفت روزہ ’’جاگ‘‘، روزنامہ ’’نوائے احمدپور شرقیہ‘‘ اور ہفت روزہ ’’نوائے حق‘‘ میں کام کرتے رہے اور ان کے ادبی صفحات کے بھی انچارج رہے۔ موصوف بڑے حساس، خود دار، ذہین و فطین، شگفتہ مزاج اور بااخلاق ہیں ۔
Flag Counter