Maktaba Wahhabi

26 - 90
خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کے فضائل خلفاء راشدین:(۱)حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ،(۲)حضرت عمر رضی اللہ عنہ،(۳)حضرت عثمان رضی اللہ عنہ(۴)حضرت علی رضی اللہ عنہ اہل السنۃ والجماعۃ اس بات پر متفق ہیں کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے افضل صحابی حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ ہیں اور وہی خلیفۂ اول ہیں۔اور ان کا یہ استحقاق رسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم کی کئی احادیث سے مأخوذ ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی مرض الموت کے دوران لوگوں کی امامت کے لئے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہی کو حکم دیا،یہ اس بات کی طرف واضح اشارہ تھا کہ جو شخص آپ کی حیات میں امامت کا مستحق ہے وہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد خلافت کا سب سے پہلا حقدار ہے۔ اور صحیح بخاری میں حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک عورت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دوبارہ آنے کا حکم دیا،اس نے پوچھا:اگر میں آؤں اور آپ کو نہ پاؤں تو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (إِنْ لَّمْ تَجِدِیْنِیْ فَأْتِیْ أَبَا بَکْرٍ) ’’اگر تم مجھے نہ پاؤ تو ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس آنا۔‘‘[بخاری:۳۶۵۹]
Flag Counter