Maktaba Wahhabi

157 - 411
کی خوشخبری کی منادی کی، اور کہا کہ وقت پورا ہوا اور خدا کی بادشاہت نزدیک آئی، توبہ کرو، اور انجیل پر ایمان لائو، ہم (خدا) نے مسیح کو انجیل دی۔‘‘ (انجیل مرقس 1۔14) اسی انجیل کے اخیر میں مسیح نے تاکید فرمائی ہے: ’’ہر ایک مخلوق کے سامنے انجیل کی منادی کرو۔‘‘ (مرقس 16۔ 15) بدیہی بات ہے کہ جس انجیل پر ایما ن لانے کو اور جس کی اشاعت کرنے کو جناب مسیح نے فرمایا ہے وہ مرقس کی انجیل نہ ہوگی۔ کیونکہ اناجیل متی ، مرقس، لوقا اور یوحنا تو بعد مسیح بنی ہیں۔ پس وہ انجیل جس کی بابت حضرت مسیح نے حکم فرمایا ہے، وہ ان اناجیل کے سوا ہے جو آج ہمارے سامنے ہیں، جن پر ایمان لانے کی پادری صاحبان ہم کو تبلیغ کرتے ہیں، اور اُن پر عمل نہ کرنے سے ہم کو دائرہ متقین سے خارج فرماتے ہیں، جس کے بعد ہمارا یہی جواب ہے ۔ ناصحا! اتنا تو دل میں تو سمجھ اپنے کہ ہم لاکھ نادان ہیں کیا تجھ سے بھی ناداں ہوں گے مسلمانوں کے باہمی اختلافی مسائل: اس کے بعد پادری صاحب نے تفسیر کبیر سے اہل سنت اور معتزلہ کا اختلاف اور مسئلہ جبروقدر کے مباحث کو نقل کیا ہے جو نہ آپ ہی کو مفید ہے نہ ہمیں مضر۔ ایسے اختلافات ہر بڑی امت میں ہوا ہی کرتے ہیں، اس سے اصل کتاب پر کوئی اعتراض نہیں، ہم اس قسم کے مباحث کو بے کار نہ جانتے تو فرقہ کیتھولک اور پروٹسٹنٹ کے اختلافات اور توحیدی اور تثلیثی عیسائیوں کے تحریری مباحثات پادری صاحب کے سامنے رکھ دیتے مگر ہم ایسے غیر مفید کام نہیں کرتے۔ اس کے بعد پادری صاحب نے پھر اپنے عندیہ کا اظہار کیا ہے۔ لکھتے ہیں:
Flag Counter