Maktaba Wahhabi

196 - 411
ناظرین میں سے کتنے لوگوں کے پاس شرح مواقف ہے اور کتنے ایسے ہیں جو ’’شرح مواقف‘‘ (عربی کتاب)کو پڑھ سکتے اور سمجھ سکتے ہیں؟ ہاں ایسا مشورہ اس صورت میں قدرے وزن رکھتا جس صورت میں کتاب مذکور اُردو میں ہوتی یا آپ اتنے حصہ کا اُردو ترجمہ ساتھ لگا دیتے۔ کیا ایسی بھول بُھلیاں پرانے تجربہ کار مصنفوں سے مخفی رہ سکتی ہیں؟ ہم نظر بازوں سے تو چھپ نہ سکا جان جہاں تو جہاں جا کے چھُپا ہم نے وہیں دیکھ لیا چونکہ ’’شرح مواقف‘‘ کے جوابات پادری صاحب کو پسند نہیں اس لیے ہم بھی وہ جواب پیش نہیں کرتے بلکہ از خود جواب دیں گے۔ پادری صاحب نے جو شرح مواقف سے ملحدین کے اعتراضات نقل کیے ہیں ان کی تفصیل حسب ذیل ہے: اعتراض اول: ’’یہ کہ وجہ اعجاز نہایت واضح ہونی چاہیے تاکہ اس میں کسی قسم کا شک و شبہ باقی نہ رہ جائے تاکہ دلیل پیش کرنے والا اس کو بطور دلیل کے پیش کر سکے۔ اس کی وجہ اعجاز میں تمھارے اختلاف کا ہونا کہ وجہ اعجاز کیا ہے؟ وجہ اعجاز کے مخفی ہونے کی دلیل ہے۔ پس کس طرح ایک پوشیدہ امر سے اس کے معجزہ ہونے پر دلیل پیش کی جاسکتی ہے؟‘‘ (ص: 69) جواب نمبر1: ہم بتا آئے ہیں اور دلائل الاعجاز سے ثبوت دے آئے ہیں کہ قرآن کی وجہ اعجاز بالکل ظاہر بلکہ بدیہی ہے۔ اختلاف بدیہیات میں بھی ہو جاتا ہے۔ کیا خدا کی ہستی کے برابر بھی کوئی بدیہی امر ہے؟ پھر کیا ہستی الٰہیؔ کے ماننے پر سب لوگ متفق ہیں؟ ہر گز نہیں۔ معلوم ہوا کہ ظاہر، باہر ہونے سے اختلاف معدوم ہونا ضروری نہیں۔
Flag Counter