Maktaba Wahhabi

53 - 411
16۔ القرآن العظیم: دسمبر 1907ء میں آریہ سماج کا سالانہ جلسہ لاہور میں منعقد ہوا، جس میں مولانا ثناء اﷲ امرتسری رحمۃ اللہ علیہ کو ایک مقالہ پڑھنے کی دعوت دی گئی۔ مولانا نے ’’القرآن العظیم‘‘ کے نام سے ایک مقالہ تیار کیا مگر آریہ لیڈروں کی بد عہدی کی وجہ سے شریک جلسہ نہ ہوسکے تو آپ نے اس مقالہ کو کتابی صورت میں شائع کر دیا۔ اس مقالہ میں قرآنِ کریم کا الہامی ہونا ثابت کیا گیا ہے۔ یہ کتاب پہلی بار 1907ء میں چوبیس (24) صفحات پر شائع ہوئی۔ (تذکرہ ابو الوفائ، ص: 81، حیاتِ ثنائی، ص: 593) 17۔ قرآن اور دیگر کتب: مولانا ثناء اﷲ امرتسری رحمۃ اللہ علیہ نے ’’قرآن اور دیگر کتب‘‘ کے عنوان سے ایک لیکچر دیا تھا جس میں آپ نے وید، انجیل اور قرآن کا موازنہ کرتے ہوئے قرآن مجید کی برتری ثابت کی تھی۔ بعد میں یہ لیکچر کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔ (تذکرہ ابو الوفا، ص: 84) 18۔ مجموعہ رسائل متعلقہ بوید و قرآن: اس رسالے کا موضوع نام ہی سے ظاہر ہے۔ مولانا امرتسری رحمۃ اللہ علیہ کے سوانح نگاروں نے اسے بھی آپ کی تصنیفات میں شمار کیا ہے۔ (دیکھیں: حیاتِ ثنائی، ص: 594، تذکرہ ابو الوفا، ص: 92) 19۔ مناظرہ دیوریا: یہ کتاب اس مناظرہ کی روداد ہے جو مولانا امرتسری رحمۃ اللہ علیہ اور پنڈت درشنانند عرف کرپا رام جگرانوی کے مابین مورخہ 16 سے 21؍اگست 1903ء تک ہوتا رہا۔
Flag Counter