Maktaba Wahhabi

41 - 194
ابن جرزی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ طریقہ اختلاف کی وجہوں کو مکمل کرنے میں زیادہ آسان اور مختصر ہے تاہم رونق قراء اور حسن ادا سے خالی ہے۔ [1] دوسرا مذہب: وقف کے ساتھ جمع کرنا: اور وہ یہ ہے کہ جب قاری کوئی قراءت شروع کرے تو متقدمین قراء کی قراءت کی وجہ پڑھے اور اس جگہ پہ وقف کرے جہاں مابعد سے ابتدا جائز ہو پھر بعد والے قاری کی قراءت کو پڑھے بشرطیکہ اس کی قراءت میں ماقبل قاری کا اختلاف نہ ہو اور اسی جگہ پہ وقف کرے پھر اسی طرح ہر قاری کی قرا ت کو پڑھے اور اسی طریقہ پر مابعد سے شروع کرے۔ اس کو جمع شامیین کہا جاتا ہے اور یہ جمع حاضر دماغی کے لیے لاجواب اور استحضارمیں حیران کن ہے۔ لمبی مدت اور عمدگی کے ساتھ تمکن اس کا خاصہ ہے۔ ابن جزری فرماتے ہیں: میں نے مصر اور شام میں جن سے قراءت پڑھی اکثر سے اسی طریقہ پہ پڑھی اور میں اسی کو اختیار کرتا ہوں۔ [2] تیسرا مذہب:، مذہب ابن جرزی:۔ النشر [3] میں دونوں مذہب ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں لیکن میں نے ان دونوں سے تیسرا مذہب ترتیب دیا ہے جو کہ جمع کے محاسن کا خوبصورت طریقہ ہے پس میں کسی قاری سے شروع کرتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ قرا میں سے کون زیادہ اس قاری کی موافقت کرتا ہے پھر اختلافی کلمہ پر دونوں قاریوں کو نکال لیتا ہوں پھر وہاں تک پڑھتا ہوں جہاں وقف جائز ہو، اسی طرح اختلاف مکمل ہو جاتا ہے۔ جمع کے ان تمام مذاہب میں قاری کو فواصل معانی کا خیال رکھنا چاہیے۔ ایسی جگہ وقف کرنے سے گریز کرے جہاں وقف کرنے سے معنی میں خلل واقع ہو اور غیر مراد کا وہم ہونے لگے۔ پس ایسی جگہ پہ اس کو اختلاف مکمل کرنے کی حرص میں کسی ناجائز کا ارتکاب نہیں کرنا چاہیے۔
Flag Counter