Maktaba Wahhabi

133 - 172
قرآنِ مجید؛ رحمتِ الٰہی قرآنِ مجید کو اللہ تعالیٰ نے مختلف مقامات پر’’رحمت‘‘ قرار دیا ہے۔چنانچہ سورۃ النمل میں ارشاد ِباری تعالیٰ ہے: }وَاِنَّہٗ لَھُدًی وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ}[النمل:۷۷] ’’اور بیشک یہ(قرآن)مومنوں کے لیے ہدایت اور رحمت ہے۔‘‘ اسی طرح ایک اور جگہ سورت لقمان میں اللہ تعالیٰ کا ارشادِ مبارک ہے: } الٓمّٓ . تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتٰبِ الْحَکِیْمِ . ھُدًی وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُحْسِنِیْنَ }[لقمان:۳] ’’الٓمّٓ۔یہ حکمت کی(بھری ہوئی)کتاب کی آیتیں ہیں۔قرآنِ مجید ہدایت اور رحمت ہے،نیک عمل کرنے والوں کے لیے۔‘‘ ہر انسان اس دنیا میں باعزت،مطمئن اور خوشحال زندگی بسر کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت کا محتاج ہے۔اس دنیا کے بعد عالمِ برزخ میں بھی ہر انسان عذاب سے بچنے اور آرام کی نیند سونے کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت کا محتاج ہے۔برزخ کے بعد قیامت کے روز جہنم سے بچنے اور جنت میں داخل ہونے کے لیے بھی ہر انسان اللہ تعالیٰ کی رحمت کا محتاج ہے۔دنیا،برزخ اور آخرت تینوں جگہ ہم سب عزت کی زندگی بسر کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت کے محتاج ہیں۔وہ رحمت جس کے ہم قدم قدم پر محتاج ہیں،اِسی قرآنِ مجید سے حاصل ہوتی ہے۔آئیے لمحہ بھر کے لیے غور کریں کہ قرآنِ مجید کس طرح دنیا،برزخ اور آخرت میں ہمارے لیے باعثِ رحمت ہے۔
Flag Counter