Maktaba Wahhabi

16 - 180
قرآن مجید کے فضائل قرآن مجید ایک ایسی بے نظیر و بے مثال کتاب ہے کہ اس کی قدر و منزلت و مرتبہ کاادراک عام انسانی ادراکات کی سطح سے اس قدر ماوراء ہے کہ فکر انسانی خود قرآن مجید کی بیان کر دہ تمثیلات اور سرور کائنات کے فرمودات پر انحصار کرتی ہے اور جن اوصاف و میزات و ممیزات و فضائل کو قرآن مجید اپنے اندر پنہاں کیے ہوئے ہے اس کو تو شمار ہی نہیں کیاجا سکتا کیونکہ قرآن مجید کے نزول سے لے کر آج تک اسی کی تفسیر و ترجمہ و مفاہیم و مدعا اور کسی نہ کسی گوشے کو واضح کرنے کے لیے لاکھوں کتابیں لکھی گئیں جن کا محور و مرکز و قطب یہی قرآن مجید ہی ہے چنانچہ ان فضائل میں چند کا تذکرہ کرتے ہیں جن سے قرآن اور اہل قرآن کی فضیلت مترشح ہوگی۔ 1۔ قرآن مجید حبل اللہ (اللہ کی رسی ) ہے : قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی رسی ہے جو کہ کائنات کی رُشد و ہدایت کے لیے اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے زمین میں بھیجی ہے جیسا کہ ابو سعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((کِتَابُ اللّٰہِ ہُوَ حَبْلُ اللّٰہِ الْمَمْدُودُ مِنَ السَّمَائِ إِلَی الْأَرْضِ))[1] ’’اللہ تعالیٰ کی کتاب اللہ کی رسی ہے جو آسمان سے زمین کی طرف ممدود (پھیلی اور لٹکی ہوئی ) ہے ۔‘‘ جیسا کہ اِمام شاطبی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : فَبَعْدُ فَحَبْلُ اللّٰہِ فِیْنَا کِتَابُہٗ فَجَاہِدْ بِہِ حِبْلَ الْعِدَا مُتَحَبِّلَا
Flag Counter