Maktaba Wahhabi

221 - 871
سورۃالفاتحہ کے فضائل: احادیث نبویہ میں قرآن مجید کی قراء ت و تلاوت اور کتاب اللہ کی تعلیم و تعلم کے بارے میں جو ترغیبات وارد ہوئی ہیں،وہ بہت زیادہ ہیں۔وہ تمام ترغیبات سورۃالفاتحہ کی تعلیم و تعلم اور اس کی تلاوت پر بھی مترتب ہوتی ہیں،کیونکہ سورۃالفاتحہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور افضل و اجمع کلام ہے،لہٰذا اس سورت مبارکہ کے فضائل احادیث میں بالخصوص بیان ہوئے ہیں۔ 1۔ابو سعید بن المعلیٰ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((ھِيَ السَّبْعُ الْمَثَانِيْ،وَالْقُرْآنُ الْعَظِیْمُ الَّذِيْ أُوْتِیْتُہٗ)) [1] (رواہ البخاري و أبوداؤد والنسائي وابن ماجہ) [یہی سبع مثانی (سات بار بار دہرائی جانے والی آیات) ہے اور یہی قرآن عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے] اس مختصر سی سورت پر’’قرآنِ عظیم‘‘ کے لفظ کا اطلاق کرنا،اس کلام عالی مقام کی کمال عظمت کی دلیل ہے۔ 2۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا: ((وَالَّذِيْ نَفْسِيْ بِیَدِہٖ! مَا أُنْزِلَ فِيْ التَّوْرَاۃِ وَ لَا فِيْ الْإِنْجِیْلِ وَ لَا فِيْ الزَّبُوْرِ وَ لَا فِيْ الْفُرْقَانِ مِثْلُھَا،وَ إِنَّھَا سَبْعٌ مِّنَ الْمَثَانِيْ وَالْقُرْآنُ الْعَظِیْمُ الَّذِيْ أُعْطِیْتُہُ)) [2] (رواہ الترمذي و قال: حدیث حسن صحیح،و رواہ ابن خزیمۃ وابن حبان في صحیحیھما والحاکم،و قال: صحیح علی شرط مسلم) [قسم اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تورات،انجیل،زبور اور فرقان (قرآن) میں اس جیسی (کوئی) سورت نازل نہیں ہوئی۔یقینا وہ سات بار بار دہرائی جانے والی آیات ہیں اور وہی قرآنِ عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے]
Flag Counter