Maktaba Wahhabi

47 - 871
زبان کھولے۔اس تاریخی مقالے کا نام’’إکسیر في أصول التفسیر‘‘ رکھا گیا ہے،جو کتابِ عزیز کے فہم و دراست کے سرمائے کے گرد گھومتا ہے۔‘‘ یہ کتاب فارسی میں ہے،جس کا اردو ترجمہ پہلی مرتبہ پیش کیا جا رہا ہے۔یہ کتاب پہلی مرتبہ مطبع نظامی کان پور سے ۱۲۹۱ھ کو بڑے سائز میں ۱۲۶ صفحات میں شائع ہوئی تھی۔ اسلوبِ تحقیق و تسہیل: 1۔مذکورہ بالا کتب میں مندرجہ تمام سورتوں کے نام اور آیات کی ترقیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 2۔تمام احادیث و آثار کی مقدور بھر تحقیق و تخریج کی گئی ہے۔جس حدیث کے ضعف کی علت و سبب پر اطلاع ہوئی،اسے اختصار کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے،کیوں کہ عصر حاضر میں قلتِ علم اور انتشارِ جہل کے سبب اگر کسی ضعیف یا موضوع روایت کا ذکر سببِ وضع یا علتِ ضعف کو بیان کیے بغیر کیا جائے،تو اس کے نتیجے میں کئی طرح کے مفاسد اور نقصانات کے جنم لینے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ 3۔کتب مذکورہ بالا کی زبان اور اندازِ بیان کو حتی المقدور سہل اور آسان بنانے کی سعی کی گئی ہے۔اس سلسلے میں ہم نے بنیادی طور پر یہ کوشش کی ہے کہ مولف رحمہ اللہ کے کلام کے مفہوم و معنی میں کسی قسم کا تغیر نہ کیا جائے اور الفاظ کی صرف اسی قدر تسہیل و تیسیر کی جائے کہ قارئینِ کرام مولف رحمہ اللہ کے مقصود و مدعا کو بہ آسانی سمجھ جائیں۔تاہم ناظرینِ کرام مطالعہ کتب کے دوران میں قدیم زبان کی حلاوت و طراوت کو ضرور محسوس کریں گے،کیوں کہ ہم نے ہر ہر لفظ کو بدلنے اور اس کا ترجمہ کرنے کے بجائے مشکل و نامانوس الفاظ کی تسہیل اور اسلوبِ بیان کو آسان بنانے کی حتی الوسع کوشش کی ہے۔ 4۔ان کتب میں مذکور تمام آیات،احادیث و آثار اور عربی و فارسی عبارات و اشعار کا ترجمہ کیا گیا ہے۔اور انھیں بریکٹوں [] کے درمیان درج کیا گیا ہے۔ 5۔ان کتب میں منقول تمام عبارات کا حتی الامکان اصل مصادر و مراجع کو مد نظر رکھتے ہوئے مقارنہ کیا گیا ہے،جس کی بدولت کئی طباعتی اغلاط کی تصحیح ہوگئی ہے۔ 6۔تمام کتب میں مناسب عناوین اور ذیلی سرخیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
Flag Counter