Maktaba Wahhabi

597 - 609
کو فوراً متنبّی اور حماسہ کے مطالعہ میں مشغول ہو جانا چاہئے۔ ہاں ایک دن صرف Essay لکھوایا جاتا ہے،اور یہ پرچہ پورے پانچ گھنٹہ کا ہوتا ہے،Essay میں ہمیشہ عرب کی اور مسلمانوں کی تاریخ یا عربی لٹریچر اور عربی گرامر کی تاریخ ہوتی ہے،Essay انگریزی میں لکھواتے ہیں،اس واسطے تم کو انگریزی لکھنے کی مشق بھی پیدا کرنی چاہئے،اور کوئی تازہ حال نہیں۔والسلام!شبلی نعمانی‘‘[1] اس خط پر 30 جون 1895ء کی تاریخ ہے۔اس خط سے قطعیت کے ساتھ ان لوگوں کی بات غلط ثابت ہوتی ہے جنہوں نے یہ لکھا ہے کہ مولانا نے 1892ء میں بی اے کیا۔جب تک الٰہ آباد یونیورسٹی قائم نہیں ہوئی تھی،ایم اے او کالج کو اپنے تمام امتحانات کیلئے کلکتہ یونیورسٹی سے رجوع کرنا پڑتا تھا۔رفتہ رفتہ یہ سلسلہ ختم ہوا۔ اس کے بعد ایسی کوئی شہادت نہیں ہے جس سے ثابت ہوتا ہو کہ مولانا فراہی رحمہ اللہ نے اپنا ایم اے کرنے کا یہ ارادہ پورا کیا ہو۔اس کے برعکس مولانا امین احسن اصلاحی لکھتے ہیں: ’’بی اے کی ڈگری مولانا نے الٰہ آباد یونیورسٹی سے لی۔اس کے بعد ایم اے کے لئے بھی تیاری کی لیکن اس کے امتحان میں نہیں بیٹھے۔اس کی وجہ غالباً یہ ہوئی کہ جہاں تک تحقیق وتنقید کا تعلق ہے،اس کی راہیں تو ان کے لئے کھل چکی تھیں اب محض ڈگری کی خاطر امتحان دیتے پھرنا ان کی طبیعت کے بالکل خلاف تھا۔‘‘[2] ایل ایل بی کی تیاری ایم اے کا خیال ترک کرنے کے بعد مولانا فراہی رحمہ اللہ نے مروجہ قانون پڑھنا شروع کر دیا،جس کا ذکر انہوں نے بایں الفاظ کیا ہے: "وبعد ذلك بقيت سنتين،أحصل علم القوانين الجارية مع كراهيتي اشتغال به فنبذته وتولّیت خدمة التّعليم" [3] ’’اور اس کے بعد دو سال تک نا پسندیدگی کے باوجود مروجہ قانون کا مطالعہ کرتا رہا۔پھر اسے چھوڑ کر تدریس شروع کر دی۔‘‘ ناپسندیدگی کے باوجود ’قوانین جاریہ‘ کی تحصیل کا مطلب اس کے سوا کیا ہو سکتا ہے کہ مولانا شبلی رحمہ اللہ کی طرح حالات سے مجبور ہو کر یا کسی کے مشورہ پر مولانا نے قانون کا مطالعہ شروع کر دیا تاکہ آزاد ذریعہ معاش کے لئے ملازمت کی راہ اختیار نہ کرنی پڑے اور وکالت کا پیشہ اختیار کر کے آزادانہ زندگی بسر کی جا سکے۔دو سال کی مدت معمولی نہیں،اتنا وقت صرف کرنے کے بعد اسے چھوڑ دینا اس ذہنی کشمکش کو ظاہر کرتا ہے جس میں مولانا نے اپنے معاشی مستقبل کی نسبت مبتلا رہے۔اس کا خاتمہ بالآخر اس وقت ہوا جب انہوں نے ایل ایل بی کا خیال ترک کر کے تعلیم کے شعبے میں ملازمت اختیار کر لی۔اس طرح نئی مغربی تعلیم کا یہ دور 1897ء میں ختم ہوتا ہے۔[4]
Flag Counter